Aaj News

پیر, جولائ 01, 2024  
25 Dhul-Hijjah 1445  

دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو روند کر بھارت ٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچ گیا

بھارت کے 172 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ 103 رنز پر ڈھیر ہوگئی
شائع 28 جون 2024 08:28am

بھارت نے دفاعی چیمپئین انگلینڈ کو 68 رنز سے شکست دے کر ٹی آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنالی، بھارتی اسپئینرز کا جادو سر چڑھ کر بولا اور دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو چاروں شانے چت کردیا۔

بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے تاہم بھارتی بولرز نے زبردست بولنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 103 رنز پر ڈھیر کردیا۔

ٹی 20 ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور بھارت کی ٹیمیں گیانا میں مد مقابل آئیں، بارش کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہوا۔

تاہم تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر کے بعد ٹاس ہوا اور انگلش کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ٹی 20 ورلڈ کپ : انگلینڈ کی ٹیم امریکا کو شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گئی

بھارت نے 8 اوورز میں 2 وکٹ پر 65 رنز بنائے تو بارش کی وجہ سے میچ کو روک کر پچ کو کوورز سے ڈھانپ دیا گیا تھا تاہم کچھ دیر کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا۔

بھارت کی اننگز

انگلینڈ کے خلاف بھارت کا آغاز اچھا نہ تھا، ویرات کوہلی اس بار بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوئے اور صرف 9 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔

نئے آنے والے بیٹر رشبھ پنت بھی بڑا اسکور نہ کرسکے اور 4 رنز پر پویلین لوٹے، ایسے میں کپتان روہت شرما اور سوریا کمار یادیو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شاٹس لگائے۔

بھارتی کپتان روہت شرما 57 اور سوریا کمار یادیو 47 رنز بنا کر نمایاں رہے، اس کے علاوہ ہاردک پانڈیا 23، شیوم دوبے صفر اور اکشر پٹیل 10 رنز پر پویلین لوٹے جبکہ جڈیجا 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز اسکور کیے اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس جارڈن نے 3، عادل رشید، ریس ٹوپلی، آرچر اور سیم کرن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ کی اننگز

بھارت کی جانب سے دیے گئے 172 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ بھارتی اسپئین باؤلنگ کے جال میں پھنس گیااور انگلش بیٹرز خزاں میں پتوں کی طرح جھڑ کر پویلین لوٹتے رہے اور انگلش ٹیم 17 ویں اوورز میں 103رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

انگلینڈ کے ہیری بروک 25 اور جوز بٹلر 23 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ جوفرا آرچر 21 اور لیام لیونگسٹن 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس کے علاوہ معین علی 8 ، فل سالٹ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جونی بیئرسٹو صفر پر آؤٹ ہوئےجبکہ سیم کرن اور عادل رشید 2 ،2 رنز بناسکے۔

بھارت کے اکشر پٹیل اور کلدیپ یادیو نے 3 ،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جسپریت بمرا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

بارش کی وجہ سے ٹاس میں تاخیر کے باوجود اوورز میں کوئی کٹوتی نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ بھارت اور انگلینڈ کے سیمی فائنل میچ میں بارش کی پیشگوئی کے باوجود ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا تھا البتہ 250 منٹ کا اضافی وقت مختص کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ٹی 20ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے 9 وکٹوں سے یکطرفہ مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دیکر پہلی مرتبہ فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں 29 جون کو بارباڈوس میں ٹکرائیں گی۔

india

England

T20 World Cup

ICC T20 World Cup

england vs india

t20 world cup 2024

icc mens t20 world cup

t20 worldcup 2024

T20 WORLD CUP SEMI FINALS