Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

فارم 47 والوں کے دل میں سیاسی بغض ہے، کنول شوزب

رانا ثناء اللہ شام کو ایک ٹاک شو میں بیٹھ کر کہتے ہیں کہ نیا کیس لے کر آرہے ہیں، پی ٹی آئی رہنما
شائع 26 جون 2024 01:07pm

پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء کنول شوزب کا کہنا ہے کہ فارم 47 والوں کے دل میں سیاسی بغض ہے اور ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا، استحکام لفظ سے بڑی محبت ہے، اس نام پر پارٹی بنے یا آپریشن ہو، ملک کے اندر دہشت گردی کرنے اور املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو بھی دیکھا جانا چاہیئے، ہمارے خلاف ان تھانوں میں بھی مقدمات درج ہوئے جہاں ہم کبھی گئے ہی نہیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی رہنماء کنول شوزب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمارے رہنماوں کے خلاف 9 مئی کے 14 مقدمات راولپنڈی میں درج ہیں، ہمارے خلاف ان تھانوں میں مقدمات درج ہوئے جہاں ہم کبھی نہیں گئے، زرتاج گل، شہریار آفریدی، شیخ راشد شفیق، عمر ایوب سمیت دیگر لوگ آج پیش ہوئے۔

کنول شوزب نے کہا کہ ہم پنجاب پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ان لوگوں نے ہمیں اس قابل سمجھا، پنجاب پولیس چوروں اور ڈاکوں کو چھوڑ پر ہمارے پیچھے پڑی ہوئی، آج بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو کمرہ عدالت نہیں لایا گیا، جیل انتظامیہ نہیں چاہتی کہ بانی پی ٹی آئی کی کارکنان سے ملاقات نہ ہو۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہمارے رہنماوں کے خلاف فیصل آباد، سرگودھا اورراولپنڈی میں دو روز میں سماعتیں ہوئی، ہمارے خلاف 22 دفعات کے تحت مقدمات درج ہوئے، استحکام لفظ سے بڑی محبت ہے، اس نام پر پارٹی بنے یا آپریشن ہو، سب کے سامنے ہے ملک کے اندر دہشت گردی کرنے اور املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو بھی دیکھا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روف حسن پر حملہ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیئے، رانا ثناء اللہ شام کو ایک ٹاک شو میں بیٹھ کر کہتے ہیں کہ نیا کیس لے کر آرہے ہیں، بشری بی بی کے خلاف عدت کیس ان کی کردار کشی کی گئی، 29 مئی کو فیصلہ آنا تھا کہ لیکن فیصلہ سنانے کے بجائے خاور مانیکا کی تقریر سنائی گئی۔

کنول شوزب نے کہا کہ وکلاء پر مقدمات درج کئے گئے، گالم گلوج کی گئی، پولیس کو استعمال کر کے ہمارے خلاف مقدمات درج کیے گئے، ہم قانون کی پاسداری چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں رول آف لاء ہو، میرے خلاف بہاولپور میں الیکشن ٹریبونل میں کیس ہے لیکن میں یہاں پیش ہوئی۔

پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ فارم 47 والوں کے دل میں سیاسی بغض ہے،ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا، عدالتوں سے ہمیں انصاف کی امید ہے، 9 مئی کے بعد فسطائیت سب کے سامنے ہے، ججز کو بھی سلام پیش کرتی ہوں جو حق اور سچ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

rawalpindi

imran khan

Rana Sanaullah

Kanwal Shauzab

bushra bibi

Adiyala Jail

Adyala Jail