Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ممکنہ سیلاب کا خدشہ: مریم نواز کا پنجاب بھر میں ندی نالوں کی صفائی کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر ڈرین کی بھرپور صفائی کی ہدایت کردی
شائع 26 جون 2024 10:15am

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ممکنہ سیلاب کے خدشے سے پیش نظر پنجاب بھر میں ڈرین اور ندی نالوں کی بھرپور صفائی کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ہیڈ آفس کا دورہ کیا، مون سون تیاریوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، کاظم پیرزادہ، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، ڈی جی پی ڈی ایم اے و دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

سیکرٹری اریگیشن، چیف میٹرولوجسٹ اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے وزیراعلیٰ پنجاب کو مون سون تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

پنجاب کے مختلف اضلاع میں 6 جون تک طوفانی بارش کی پیشگوئی

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کو تمام بیراج لنک کینال، مین کینال، ڈریننگ سسٹم اور بند وغیرہ کی صورتحال پر رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ آئندہ 3 ماہ کے دوران پاکستان میں معمول سے زائد بارشیں متوقع ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر ڈرین کی بھرپور صفائی کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب بھرمیں ندی نالوں کی بھرپور صفائی کا حکم دے دیا جبکہ ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظراضلاع سے ڈیلی رپورٹ طلب کرلی۔

مریم نواز نے ہنگامی صورت میں متاثرہ علاقوں میں عوام کو انخلاء کے پلان سے آگاہ کرنے اور متاثرہ دیہات کے لوگوں کو قیام و طعام کے مقام سے متعلق آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کردی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ رودکوہی کے ندی نالوں میں تجاوزات اور رکاوٹیں ہٹائی جائیں، ممکنہ سیلاب کے پیش نظر آبادی کے بروقت انخلا کی منصوبہ بندی کی جائے، انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ مال مویشیوں کو بھی بروقت نکالا جائے۔

مریم نواز نے کہا کہ دنیا بھر میں ارلی فلڈ وارنگ سسٹم رائج ہے، پاکستان میں کیوں پتہ نہیں چلتا، بارشوں کی صورت میں ہر شہر میں پانی کی فوری نکاسی کا اہتمام کیا جائے، جہاں بھی سیلاب کا خطرہ ہو بروقت پیشگی اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب کی بروقت اور مستند اطلاعات کی ترسیل یقینی بنائی جائے، ہر سیلابی بند سے تجاوزات ہٹائی جائیں، مانیٹرنگ تسلسل سے جاری رہنی چاہیے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز نے پی ڈی ایم اے کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا، انہوں نے ویدر پورٹل، فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن اور فلڈ سمولیشن ماڈل کا مشاہدہ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا منشیات کے خلاف عالمی دن پر پیغام

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے منشیات کے خلاف عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے منشیات سے پاک پنجاب کا عزم کرتے ہیں، منشیات کا استعمال زندگیاں اور خاندان تباہ کرتا ہے، ہمیں اس خطرے سے لڑنے کے لیے متحد ہونا ہوگا۔

مریم نواز نے کہا کہ اپیل کرتی ہوں شہری آگاہی پھیلائیں اور نشے کے خلاف لڑنے والوں کی مدد کریں، تعلیم اور آگاہی منشیات کے استعمال کو روکنے کی کلید ہیں، منشیات کے خلاف جنگ میں اجتماعی کوشش کی ضرورت ہے، ہر شہری اس مقصد میں فعال طور پر حصہ لے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ منشیات کے متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، عوام کی صحت اور سلامتی سب سے اہم ہیں، منشیات کے خلاف وسائل اور مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

cm punjab

Maryam Nawaz

lahore

Rain

Maryam Nawaz Sharif

Punjab rain

CM Punjab Maryam Nawaz

RAINS AND FLOOD