Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

شیخ رشید کیخلاف تھانہ موچکو اور لسبیلہ میں درج مقدمات خارج

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شیخ رشید کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا
شائع 25 جون 2024 11:39am

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی اخراج مقدمہ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کے خلاف ایک ہی الزام پر تھانہ موچکو اور لسبیلہ میں درج مقدمات خارج کردیے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کے خلاف ایک ہی الزام پر درج متعدد مقدمات کے خلاف کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے فیصلہ سنا دیا، اس موقع پر شیخ رشید کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف اسلام آباد، کراچی کے تھانہ موچکو اور لسبیلہ میں مقدمات درج ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیخ رشید کی درخواست منظور کرتے ہوئے تھانہ موچکو اور لسبیلہ میں درج مقدمات خارج کر دیے۔

واضح رہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر 2 فروری 2023 کو رات گئے گرفتار کیا گیا تھا۔

پیپلز پارٹی کے ایک مقامی رہنما راجا عنایت نے شیخ رشید کے خلاف سابق صدر آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگانے پر شکایت درج کرائی تھی۔

شکایت گزار کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ پولیس نے آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر مقدمہ درج کیا تھا، جس میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 120-بی، 153 اے اور 505 شامل کی گئی تھیں۔

گرفتاری کے بعد انہیں اسی روز اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں عدالت نے ان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔

دوسری جانب 3 فروری کو وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر شیخ رشید کے خلاف کراچی میں بھی مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

شیخ رشید کے خلاف کراچی کے موچکو، حب کے لسبیلہ اور مری کے تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے تھے جس کے بعد ایف آئی آر کو سیل کردیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں ایک اور مقدمہ 4 فروری کو تھانہ صدر میں پیپلز پارٹی کے کارکن کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا جس میں شیخ رشید پر امن و امان کو خراب کرنے اور جان بوجھ کر اشتعال پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

تاہم 16 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں گرفتار شیخ رشید کی درخواست ضمانت منظور کرلی تھی جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔

Sheikh Rasheed

Islamabad High Court

Awami Muslim League

FIR Registered