Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بانی پی ٹی آئی نے کہا حکومت جب تک آپریشن کی تفصیلات نہیں بتاتی حمایت نہیں کریں گے، بیرسٹر سیف

عوام میں آپریشن کے حوالے سے تشویش پائی جارہی ہے، صوبائی وزیر اطلاعات
شائع 24 جون 2024 09:03pm

وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے حکومت جب تک آپریشن کی تفصیلات نہیں بتاتی حمایت نہیں کریں گے۔

بیرسٹر سیف نے خیبرپختونخوا ہاؤس کے باہر میڈیا ٹاک کرتے ہوئے بتایا کہ آج وزیراعلیٰ کے پی کی سربراہی میں اجلاس ہوا، جس میں صوبائی ایم این ایز سے بات چیت کی گئی۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیراعظم نےعزم استحکام آپریشن پر بیان دیا، ان کے بیان سے کنفیوژن پیدا ہوئی، عوام کو نہیں بتایا گیا کہ آپریشن کا طریقہ کار کیا ہوگا؟ آپریشن کی مدت کیا ہوگی یہ بھی نہیں بتایاگیا، عوام میں آپریشن کے حوالے سے تشویش پائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی اہم مسئلہ ہے جو قومی سلامتی سے منسلک ہے، دہشتگردی کے جنگ میں اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے، وفاق کو دہشتگردی کیخلاف کارروائی کیلئے پارلیمنٹ اورصوبائی اسمبلیوں کواعتماد میں لینا چاہئے، اس معاملے پر پاکستان کے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرنی چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک آپریشن کے خدوخال واضح نہیں ہوتے، اس وقت تک آپریشن کی حمایت کے حوالے سے فیصلہ نہیں کرسکتے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبرپختونخوا فرنٹ لائن صوبے کا کردار ادا کرتا رہا ہے، ہم مزید کسی قسم کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے بانی چیئرمین سے ملاقات میں رائے لی ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے حکومت جب تک آپریشن کی تفصیلات نہیں بتاتی حمایت نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی پختون دہشتگردی کی حمایت میں بات نہیں کرسکتا، فوج کو بلانا اور کسی صوبے میں آپریشن کرنے کے لوازمات پرعمل کرنا ضروری ہے، آئینی طریقے سے جو بھی فیصلہ ہوگا اس میں عوام کی رائے شامل ہونی چاہئے۔

Ali Amin Gandapur

Barrister Muhammad Ali Saif

Operation Azm e Istehkam