محنت اور لگن کے بغیر پنجاب کی ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، مریم نواز
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ محنت اور لگن کے بغیر پنجاب کی ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔
اقوام متحدہ کے پبلک سروس ڈے پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج حکومت کی جانب سے عوامی خدمت کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کرنے کا دن ہے، عوام کی فلاح وبہبود کے لیے محنت، لگن اور ایمانداری سے کام کرنے والے سرکاری ملازمین کو سلام پیش کرتی ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ دیانتداری اور لگن کے ساتھ خدمت کے لیے زندگی وقف کرنے والے لوگ قابل تحسین ہیں، محنت اور لگن کے بغیر پنجاب کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عوام کی خدمت اور ان کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کی بنیادی ذمہ داری سے بخوبی آگاہ ہے، صوبائی حکومت عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوامی خدمت میں شفافیت، جوابدہی اور بہترین کارکردگی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے، بہتر سروس ڈیلیوری اور گڈ گورننس کے لیے محکموں کی ری اسٹرکچرنگ کا جائزہ لیا جا رہا ہے، حکومتی پالیسیوں سے سروس ڈیلیوری میں بہتری آئے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے آسٹریلوی ادارہ الائیڈ کے ریجنل ہیڈ کی قیادت میں وفد کی ملاقات
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے آسٹریلوی ادارہ الائیڈ کے ریجنل ہیڈ کی قیادت میں وفد کی ملاقات ہوئی، جس میں اسکولوں میں تحقیق اور جدت لانے سمیت بیشتر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
آسٹریلوی ادارہ الائیڈ کے اشتراک سے ”کروم بکس“ کی اسمبلنگ پنجاب میں کی جائے گی، سرکاری اسکولوں کے ایک ہزار ٹیچرز کو فری ڈیجیٹل سرٹیفکیشن کورسز کرائے جائیں گے، 15 ہزار یونیورسٹیز طلبہ کے لیے بھی مفت سرٹیفکیشن کورسز پراجیکٹ قائم کیے جائیں گے، ڈیڑھ کروڑ ڈالر فیس کے لیے گوگل فارایجوکیشن معاونت کرے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کہتی ہیں کہ نظام تعلیم میں خامیوں اور کمزوریوں کا تعین کرکے بہتری کے لیے کوشاں ہیں، ایجوکیشن سسٹم ری ویمپ کیے بغیر مثبت تبدیلی ممکن نہیں، اگر ہمارے طلبہ کو مواقع میسر ہوتو کما ل کر سکتے ہیں۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا کہ سرٹیفکیٹ حاصل کرکے اسٹوڈنٹس دنیا بھر میں آسانی سےجاب حاصل کرسکیں گے۔
Comments are closed on this story.