Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

حیدرآباد میں تشدد کا شکار گدھا کراچی میں دم توڑ گیا

گدھے کے انتقال کی خبر کی تصدیق شیلٹر ہوم انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر کی
شائع 23 جون 2024 10:51am

حیدرآباد میں تشدد کا شکار گدھا کراچی کے شیلٹر ہوم میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

سندھ کے شہر حیدر آباد میں سفاکیت کا نشانہ بننے والا زخمی گدھا کراچی میں دم توڑ گیا، زخمی گدھا گزشتہ چند روز سے کراچی میں زیرعلاج تھا۔

گدھے کے انتقال کی خبر کی تصدیق شیلٹر ہوم انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر کی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس جانور کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ بہت تکلیف دہ ہے، پاکستان میں جانوروں کی حالت زار کے لیے ہر ایک کو کھڑا ہونا چاہیئے، اس جانور نے اپنے آخری دنوں میں زندگی بھر کی محبت اور دیکھ بھال کا تجربہ کیا۔

ظلم کا نشانہ بننے والی اونٹنی کے بعد زخمی گدھا بھی علاج کیلئے کراچی منتقل

واضح رہے کہ کچھ روز قبل تشدد کی وجہ سے گدھے کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئی تھیں، واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔

گدھے کو علاج کے لیے کراچی کے سی ڈی آر ایس بینجی شیلٹر ہوم منتقل کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جانوروں کے ساتھ ظلم و جبر کے 2 واقعات بھی چند روز قبل سامنے آئے تھے۔

ایک واقعہ سانگھڑ میں پیش آیا تھا جہاں ایک شخص نے کھیتوں میں داخل ہونے پر اونٹنی کی ٹانگ ہی کاٹ دی تھی۔

مصنوعی ٹانگ لگانے کیلئے اونٹنی سانگھڑ سے کراچی منتقل، ’جان بچانےکیلئے مسلسل کھڑا رکھنا پڑیگا‘

دوسرے واقعے میں راولپنڈی کے تھانہ روات کی حدود میں گندم کی کٹائی کے بعد پانی پینے کے لیے آزاد چھوڑی گئی گدھی کے بااثر شخصیت نے کان کاٹ دیے تھے۔

karachi

sindh

Hyderabad

Donkey leg injury