Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عوام تیاری کرلیں، کہیں بوندا باندی اور کہیں بارش ہونے والی ہے

شہر قائد کا موسم آج گرم اور مرطوب رہنے کی توقع

سندھ کے شہر کراچی میں آج شام گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ ملک کے بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی کا موسم آج گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے جبکہ آج شام سے رات کے درمیان شہر قائد میں گرج چمک کےساتھ بوندا باندی اور ہلکی بارش متوقع ہے۔

شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، گرمی کی شدت 4 سے 5 ڈگری تک زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ آج کم سے کم درجہ حرارت 31.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

اہل کراچی آج شام تک سکون کا سانس لے سکیں گے، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے، جنوب مغربی سمت سے ہوائیں 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

ملک کے مختلف علاقوں میں آج بارش کی پیشگوئی

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج بارش کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم شمالی بلوچستان، خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب، زیریں سندھ اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور اس کے گردو نواح میں اتوار کو موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

چترال، سوات ،شانگلہ، دیر، بالاکوٹ، مانسہرہ، کوہستان اور وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم مری، گلیات اور گردونواح میں بعد از دوپہر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی اضلاع اور مکران میں شدید گرم رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ ساحلی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گا تاہم ساحلی پٹی میں بونداباندی ہو سکتی ہے۔

ملک کے مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے والی ہے

کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ نوکنڈی، دادو اور شہید بینظیر آباد میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا۔

karachi

Met Office

Karachi Rain

rainy weather

Rain prediction

weather news