Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ٹی 20 ورلڈ کپ کا ایک اور بڑا اپ سیٹ: افغانستان نے آسٹریلیا کیخلاف تاریخ رقم کردی

افغانستان نے آسٹریلیا کو 21 رنز سے شکست دے دی
شائع 23 جون 2024 09:23am

امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سپر 8 مرحلے کا پہلا بڑا اپ سیٹ ہوگیا، جہاں افغانستان نے کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آسٹریلیا کو 21 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔

افغان کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم پورے 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 127 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے گروپ ون میں شامل دونوں ٹیمیں کنگسٹن میں مدمقابل تھیں جہاں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

افغانستان کی اننگز

آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز اسکور کیے۔

ورلڈکپ: میکس ویل نے بازی پلٹ دی، 201 رنز کی اننگز کھیل کر افغانستان سے فتح چھین لی

پہلے بلے بازی کرتے ہوئے افغان اوپنر رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے 118 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔

آسٹریلیا کے بولرز کا مقابلہ کرتے ہوئے رحمان اللہ گرباز نے 49 گیندوں پر 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 60 رنز اسکور کیے جبکہ ابراہیم زدران نے 48 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز داغے۔

افغانستان کی جانب سے کریم جنت 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد نبی 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کے پیٹ کمنز نے اپنے 4 اوورز میں 28 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیکر رواں ٹی 20 ورلڈ کپ میں لگاتار دوسری ہیٹرک کا اعزاز اپنے نام کیا۔

آسٹریلیا کے پیٹ کمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں لگا تار 2 ہیٹرک کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے ہیں۔

اس کے علاوہ آسٹریلیا کے ایڈم زمپا 2 اور مارکس اسٹائنس بھی ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

آسٹریلیا کی بیٹنگ

بعدازاں بیٹنگ کے بعد افغان بولرز نے بھی اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کر کے آسان دکھنے والے ہدف کو مشکل بنانے کی ابتدا کردی۔

اس کے بعد بھی پورے میچ میں افغان بولرز نے شاندار بولنگ کی اور آسٹریلوی بیٹرز کو جم کر کھیلنے نہ دیا۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کا سپر 8 مرحلہ: آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو 28 رنز سے ہرادیا

آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ 59 رنز گلین میکسلویل نے بنائے جبکہ مچل مارش 12 اور مارکس اسٹوائنس 11 رنز بناسکے۔

ان تین بیٹرز کے علاوہ کوئی اور آسٹریلوی بیٹر ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔

اس طرح آسٹریلوی ٹیم 19.2 اوورز میں صرف 127 رنز ہی بناسکی اور یوں افغانستان کی ٹیم نے یہ میچ 21 رنز سے اپنے نام کرلیا۔

افغان بولر گلبدین نائب نے 20 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نوین الحق نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس کے علاوہ راشد خان، عظمت اللہ عمرزئی اور محمد نبی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ٹی 20 ورلڈ کپ: پاپوا نیوگینی کو ہرا کر افغانستان سپر 8 میں پہنچ گیا، نیوزی لینڈ باہر

اس میچ سے قبل گروپ ون میں بھارت 2 میچز میں کامیابی کے ساتھ پہلے نمبر پر جبکہ آسٹریلیا ایک میچ میں کامیابی کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھی۔

گروپ ون میں شامل بنگلادیش کو دونوں میچز میں جبکہ افغانستان کو اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا رہا تھا۔

سپر 8 مرحلے کے پہلے میچ میں افغانستان کی ٹیم کو بھارت کیخلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم بنگلادیش کے خلاف فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

گروپ 2 میں جنوبی افریقا، انگلینڈ، امریکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہیں۔

afghanistan

Australia

T20 World Cup

ICC T20 World Cup

t20 world cup 2024

australia vs afghanistan

icc mens t20 world cup

t20 worldcup 2024

afghanistan vs australia