شہید ہارون ولیم کی آخری رسومات ادا، میسحی برادری نے اپنے خون سے تاریخ لکھی ہے، وزیراعظم
گزشتہ روز کرم کے علاقے میں شہید ہونے والے اہلکار 29 سالہ سپاہی ہارون ولیم کی آخری رسومات ادا کردی گئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے ملکی حفاظت کے لیے ہمیشہ قربانیاں دیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، افواج پاکستان کی تاریخ عظیم قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔
کرم کے علاقے سدہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی تھی، جس کے نتیجے 5 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
کرم: سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، 5 اہلکار شہید
شہید ہونے والے وطن کے بہادر سپوتوں میں اوکاڑہ کے 33 سالہ حوالدار عقیل احمد، پونچھ کے 30 سالہ لانس نائیک محمد طفیر، اٹک کے 24 سالہ سپاہی انوش رفون، ہری پور کے 26 سالہ سپاہی محمد اعظم خان اور اسلام آباد کے 29 سالہ سپاہی ہارون ولیم شامل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپاہی ہارون ولیم کی سینٹ پال چرچ راولپنڈی میں آخری رسومات ادا کی گئی جس میں وزیراعظم اورآرمی چیف کے علاوہ وزرا اور سول و فوجی حکام بھی شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے دفاع وطن میں مسیحی برادری کی قربانیوں کوسراہا اور کہا کہ مسلح افرادایک مربوط یونٹ ہیں، مسلح افواج میں ہرشعبہ زندگی کی نمائندگی ہے۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سپاہی ہارون اورانوش کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم مادر وطن کے دفاع میں شہیدوں کی قربانیوں کی مقروض ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سپاہی ہارون کو فوجی اعزازکے ساتھ راولپنڈی جبکہ ضلع کرم کےدیگرشہدا بھی اپنے آبائی علاقوں میں سپردخاک کردیا گیا۔
’میسحی برادری نے پاکستان کے لیے اپنے خون سے تاریخ لکھی‘
وزیراعظم شہباز شریف نے راولپنڈی کے سینٹ پال چرچ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل انتہائی افسوسناک واقعے کے نتیجے میں ہارن ولیم نے وطن کے لیے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا، پاک فوج کے سپاہ سالار جنرل عاصم منیر، پاک فوج کے افسران، حکومت اور پوری قوم ان قربانی دینے والے عظیم سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج ریاست کے دفاع کے لیے کوشاں ہے، افواج پاکستان نے ملکی حفاظت کے لیے ہمیشہ قربانیاں دیں، شہدا نے جس طرح پاکستان کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، عصر حاضر میں اس کی اور کوئی مثال نہیں ملتی، ان کی یہ قربانی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست کی تقریر میں واضح طور پر فرمایا تھا کہ اس ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی ہوگی اور تمام لوگوں کو آئین کے قانون کے مطابق زندگی بسر کرنے کے مساوی مواقع ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میسحی برادری نے پاکستان کے لیے ایئرفورس، نیوی ، آرمی میں اپنے خون سے تاریخ لکھی، آج ہم سب کے لیے سبق آموز دن ہے کہ اس ملک کے اندر بسنے والے کروڑوں مسلمانوں کے ساتھ دیگر اقلیتی برادری، جس میں سکھ اور ہندو بھی شامل ہیں، سب نے پاکستان کی خدمت کی ہے، میسحی برادری کی تعلیم سمیت زندگی کے کئی میدانوں میں شاندار خدمات ہیں، میں خود بھی ایک مشنری اسکول سے پڑھا ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس ملک کے اندر بعض واقعات ایسے ہوئے، جنہوں نے تلخ یادیں چھوڑیں، وہ دلخراش واقعات تھے، ہمیں بطور قوم ان کا جواب دینا ہوگا، ہمیں ماضی سے یہ سبق حاصل کرنا چاہیے کہ ہمیں ملکر اس ملک کی خدمت کرنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں آج افواج پاکستان کے افسران اور سپاہیوں کو سلام کرتا ہوں، جنہوں نے پاکستان کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں، جو اپنے بچوں کو یتیم کرکے ہزاروں کروڑوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچاتے ہیں۔
Comments are closed on this story.