Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

لاہور ہائیکورٹ کا دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بند کرنے کا حکم

فصلوں کی باقیات جلانے پر موٹر وے پولیس کو کارروائیاں کرنے کی بھی ہدایت
شائع 21 جون 2024 12:23pm

لاہور ہائیکورٹ نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بند کرنے کا حکم دے دیا جبکہ عدالت نے فصلوں کی باقیات جلانے پر موٹر وے پولیس کو کارروائیاں کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے دائر شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔

دوران سماعت پی ڈی ایم نے ہیٹ اسٹروک سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ہیٹ اسٹروک سے متعلق آگاہی مہم شروع کردی ہے، چولستان میں 20 واٹر بوزر بھیجے گئے ہیں، ایک واٹر بوزر میں 12 ہزار پانچ سو لیٹر پانی ہوتا ہے جو وہاں کے رہائشیوں کو دیا جارہا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کا دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے حوالے سے بڑا حکم

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ محکمہ ٹریفک پولیس دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرکے متعلقہ محکمے کو آگاہ کرے، موٹر وے پولیس آگ لگانے کے واقعات پر کاروائیاں کریں۔

لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ موٹروے کے گردونواح میں آگ کے واقعات زیادہ ہوتے ہیں جن پر قابو پایا جائے۔ آئی جی موٹر وے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کروائے ورنہ توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔

عدالت نے کیس کی سماعت اگلے جمعے تک ملتوی کرتے ہوئے محکموں سے کارکردگی رپورٹس طلب کر لیں۔

Lahore High Court

smog case

justice shahid karim

smoke emitting vehicles