Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

ادویات کی قیمتیں فارماسوٹیکل کمپنیز کو مقرر کرنے کا اختیار لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

عدالت ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار کمپنیز کو دینے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے، استدعا
شائع 21 جون 2024 12:17pm

ادویات کی قیمتیں فارماسوٹیکل کمپنیز کو مقرر کرنے کا اختیار لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا جبکہ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار کمپنیز کو دینے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔

لاہور ہائیکورٹ میں شہری محمد اسلم نے ماہر قانون ندیم سرور ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی، جس میں وفاقی حکومت، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کابینہ نے ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار ڈریپ سے لے کر فارماسوٹیکل کمپنیز کو دے دیا ہے، وفاقی حکومت نے نگراں حکومت کے فیصلے کی غیر قانونی تائید کی ہے جبکہ عدالت نے وفاقی کابینہ کو معاملے کا اَز سر نو جائزہ لینے کا حکم دیا تھا۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ عدالتی احکامات کی واضح ہدایت کے باوجود نگراں حکومت کے فیصلے کی تائید غیر آئینی ہے، فارماسوٹیکل کمپنیز من مانے ریٹس پر ادویات فروخت کر کے عوام پر بوجھ رہی ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار کمپنیز کو دینے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔

Lahore High Court

DRAP

drug regulatory authority of pakistan

Medicine price

Pharmaceutical companies