Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

’عمران خان کے ساتھ ون آن ون مذاکرات ہوئے تو نواز شریف ان کی بہت ساری باتیں مان لیں گے‘

'عمران خان باہر آئے تو ملک میں آنے والی سرمایہ کاری رک جائے گی'
شائع 20 جون 2024 08:52pm

معروف پاکستانی تجزیہ کار، کالم نگار اور اینکر پرسن جاوید چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل ’مذاکرات‘ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان باہر آئے تو ملک میں آنے والی سرمایہ کاری ختم ہوجائے گی۔

آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جاوید چوہدری نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن نے ایک دوسرے کے خلاف تلواریں نکال لی ہیں، عدالت نے الیکشن کمیشن کو کہا ہے ’سیدھے ہوجاؤ‘، الیکشن کمیشن کہہ رہا ہے کہ اگر آپ آئینی ادارہ ہیں تو ہم بھی آئینی ادارہ ہیں اور دو ججز جنہوں نے فیصلے دئے ان کے خلاف یہ ریفرنس دائر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں اس وقت دو بڑے گروپ ہیں، ایک وکلا کا گروپ ہے دوسرا سیاستدانوں کو گروپ ہے.

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے جیل سے رہائی پر سمجھتے ہیں کہ چوہدری پرویز الہیٰ نے سمجھوتہ کرلیا ہے، حالانکہ پرویز الہیٰ بزرگ ہیں اور جیل میں ان کی ہڈیاں بھی ٹوٹ چکی ہیں، حکومت نہیں چاہتی کہ انہیں کچھ ہو تو معاملہ ان کے گلے پڑ جائے، نہ تو پرویز الہیٰ کوئی پی ٹی آئی کے حوالے سے بیان دے رہے ہیں اور نہ ہی پی ٹی آئی ان کے حوالے سے کوئی بیان دے رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی غلط فہمی ہے کہ پنجاب اب ان کے ساتھ نکل آئے گا، پنجاب میں کوئی احتجاج نہیں ہوا، علی امین گنڈاپور کو بھی پتا ہے کہ اگر انہوں نے اسلام آباد پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی تو وہ فارغ ہوجائیں گے۔

ملک میں استحکام کا فارمولہ دیتے ہوئے جاوید چوہدری نے کہا کہ عدلیہ سمیت سب کو اپنی غلطیاں تسلیم کرنی ہوں گی اور پھر چارٹر آف پاکستان پر دستخط کرنے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف ایک کیس رہ گیا ہے اور اس میں بھی وہ بری تو ہو جائیں گے لیکن رہا نہیں ہوں گے، انہیں آخر میں مذاکرات ہی کرنے ہوں گے، کیسز کا سلسلہ نہیں رکے گا کیونکہ ’دوسری طرف سے فیصلہ ہوچکا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اگر باہر آئیں گے تو پاکستان کی جو تھوڑی بہت اکنامک گروتھ نظر آرہی ہے وہ بھی ختم ہوجائے گی، اسٹاک ایکسچینج کریش کر جائے گا، ڈالر دوبارہ کنٹرول سے باہر ہوجائے گا، باہر سے جو سرمایہ کاری آرہی ہے یا انویسٹمنٹ کہ جو وعدے ہیں وہ بھی ختم ہوجائیں گے۔

جاوید چوہدری نے کہا کہ عمران خان اقتدار میں آئیں گے تو ان کے فیصلے بڑے خوفناک ہوں گے، ان فیصلوں کی وجہ سے وہ اقتدار میں نہیں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’عمران خان ٹیم میکر نہیں ہیں‘۔

جاوید چوہدری نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کے زریعے ہونے والے مذاکرات کامیاب تب ہی ہوں گے جب وہ خود عمران خان سے ملاقات کرکے وعدہ لیں گے کہ میں جو فیصلے کروں گا وہ آپ کو قبول ہوں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’خان صاحب یہ ڈائیلاگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے‘۔ .

ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان نے مذاکرات کرلئے تو ایک آدمی ہے جو انہیں بہت فیور دے گا، اور اس کا نام ہے نواز شریف، کیونکہ نواز شریف میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ دل بڑا کر لیتے ہیں، عمران خان کے ساتھ اگر ان کے ون آن ون مذاکرات ہوئے تو نواز شریف ان کی بہت ساری باتیں مان لیں گے۔

Nawaz Sharif

imran khan

javed Chaudhry

PTI Talk Offer