Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

ٹی 20 ورلڈکپ کا سپر 8 مرحلہ: دفاع چیمپئن انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو روند دیا

ویسٹ انڈیز کا 181 رنز کا ہدف انگلش ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 18 ویں اوور میں پورا کر لیا
شائع 20 جون 2024 09:36am

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سپر 8 مرحلے میں سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، گروپ ٹو کے دوسرے میچ میں انگلش بیٹرز فل سالٹ اور جونی بیرسٹو کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیا گیا181 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 17.3 ویں اوور میں پورا کر لیا۔

سینٹ لوشیا کے ڈیرن سیمی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے دوسرے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ

انگلینڈ کی دعوت پر میزبان ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 180 اسکور کیے۔

ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے انگلش باؤلرز کو مشکل میں ڈالے رکھا، اوپنر برینڈن کنگ 23 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر واپس لوٹ گئے، ان کی جگہ پر آنے والے نکولس پورن نے جونسن چارلس کا بھرپور ساتھ دیا اور ٹیم کا مجموعی سکور 94 تک پہنچا دیا اس کے بعد جونسن چارلس 38 رنز پر کیچ دے بیٹھے۔

جونسن چارلس کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان رومن پاول نے بھی انگلش بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور 17 بالز پر 36 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ نکولس پورن بھی 36 رنز ہی بناسکے۔

اس کے علاوہ شرفین رتھرفورڈ 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ جارح مزاج بیٹر آندرے رسل صرف ایک ہی رن بنا پائے۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر، عادل رشید، معین علی اور لیام لیونگسٹون نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کی اننگز

ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے گئے 181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے بیٹرز نے ویسٹ انڈین بولرز کی خوب درگت بنائی اور مطلوبہ ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 18 ویں اوور میں با آسانی پورا کرلیا۔

انگلینڈ کی جانب سے فل سالٹ نے 7 چوکوں اور 5 چھکوں کی بدولت 87 جبکہ جونی بیرسٹو 48 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس کے علاوہ کپتان جوز بٹلر 25 اور معین علی 13 رنز بناکر چلتے بنے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے رسل اور روسٹن چیز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ڈیرن سیمی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے 42 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیتنے کے بعد بتایا تھا کہ مارک ووڈ کو کرس جارڈن کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

جوز بٹلر کا کہنا تھا کہ وکٹ بظاہر اچھی نظر آرہی ہے ہمیں ایک اچھے مقابلے کی توقع ہے۔

دوسری جانب ویسٹ انڈین کپتان رومین پاول کا کہنا تھا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کو ہی ترجیح دیتے۔

انگلش ٹیم

انگلش ٹیم کی قیادت جوش بٹلر نے کی جبکہ فل سالٹ، ہیری بروک، جونی بیرسٹو، معین علی، لیام لیونگسٹون، سیم کرن، جوفرا آرچر، عادل رشید، مارک ووڈ اور ریس ٹوپلی ٹیم کا حصہ تھے۔

ویسٹ انڈین سکواڈ

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتانی کے فرائض رومن پاول نے سرانجام دیئے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں برینڈن کنگ، جونسن چارلس، نکولس پورن، روسٹن چیز، آندرے رسل، شرفین رتھرفورڈ، روماریو سیفرڈ، عقیل حسین، الزاری جوزف اور گڈکیش موتی شامل تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ٹی 20 ورلڈکپ میں سپر 8 مرحلے کے پہلے میچ میں جنوبی افریقا نے میزبان امریکا کو شکست دی تھی۔

واضح رہے کہ ایونٹ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم ابھی تک ناقابل شکست تھی جبکہ انگلینڈ کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

آج کون کون سی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی؟

میگا ایونٹ کے سپر 8 مرحلے کے گروپ ون میں آج بھارت اور افغانستان کی ٹیمیں ٹکرائیں گی، یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔

گروپ ون کے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کی ٹیمیں جمعے کی صبح ساڑھے 5 بجے آمنے سامنے ہوں گی۔

England

West Indies

T20 World Cup

ICC T20 World Cup

t20 world cup 2024

icc mens t20 world cup

t20 worldcup 2024

west indies vs england