Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

حکومت نے بچوں کے فارمولہ دودھ، خوراک پر جی ایس ٹی مرحلہ وار لینے کا فیصلہ کرلیا

ماہرین کہتے ہیں خشک دودھ اور سپلیمینٹس مہنگے ہونے سے بچوں کی نشو و نما پر منفی اثر پڑے گا
شائع 20 جون 2024 09:03am

حکومت نے شیر خوار بچوں کے لیے فارمولہ دودھ اور خوراک پر سیلز ٹیکس مرحلہ وار نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کے اثرات یکمشت ظاہر نہ ہوں۔

ذرائع نے روزنامہ بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ فائنانس بل 2024 میں ترامیم کے ذریعے بچوں کے ملک اور فوڈ فارمولوں پر بھاری ٹیکس کے اثرات کی شدت کم کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔

حکومت نے حال ہی میں جو فنانس بل متعارف کرایا ہے اس میں زیرو ریٹنگ ختم کرکے بچوں کے لیے مقامی طور پر تیار کیے جانے والے دودھ، خوراک اور بچوں کی نشو و نما کے لیے اضافی شمار ہونے والے آئٹمز پر 18 فیصد جی ایس ٹی نافذ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگ زیب خان نے بجٹ تقریر میں بچوں کے لیے پہلے ایک ہزار دنوں کے دوران غذا و غذائیت کی کمی پر زور دیا تھا۔ انہوں نے بچوں میں قد کے نہ بڑھنے کے مسئلے کا خاص طور پر ذکر کیا تھا۔ متعلقہ صنعت کے ماہرین 18 فیصد جی ایس ٹی کو حکومت کی بیان کردہ ترجیحات کے منافی قرار دے رہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بچوں کے فارمولہ دودھ اور خوراک پر جی ایس ٹی تین مراحل میں نافذ کرنے کی سفارشات موصول ہوئی ہیں۔ پہلے سال 5 فیصد، دوسرے سال 10 فیصد اور تیسرے سال 3 فیصد جی ایس ٹی نافذ کیا جائے گا۔

متعلقہ صنعت نے خبردار کیا ہے کہ 18 فیصد جی ایس ٹی نافذ کرنے سے کاروبار متاثر ہوگا کیونکہ صارفین کو زیادہ بوجھ اٹھانا پڑے گا۔ اس کے نتیجے میں کاروباری برادری کاروبار کی بساط سمیٹ کر بیرونِ ملک منتقل ہونے کا سوچنے پر مجبور ہوگی۔

بچوں کو ذہنی طاقت دینے والے 7 غذائی اجزاء

حکومت کا استدلال ہے کہ مرحلہ وار ٹیکس لگانے سے کاروباری برادری کو ایڈجسٹمنٹ میں مدد ملے گی۔ حکومتی ذرائع یہ بھی کہتے ہیں کہ درآمدی اشیا کے مقابلے میں مقامی طور پر اشیا تیار کرنے میں کاروباری برادری کے لیے زیادہ منافع کمانے کی گنجائش ہے۔ اس کے نتیجے میں اندرونِ ملک سالانہ 30 کروڑ لیٹر دودھ خریدے جانے کی گنجائش پیدا ہوگی۔

بچوں میں قوت مدافعت بڑھانے والے پھل

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ 18 فیصد جی ایس ٹی لیے جانے پر دودھ اور خوراک مہنگی ہونے سے شیر خوار اور اُن سے تھوڑے بڑے بچوں کی نشو و نما پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

INFANT MILK

FOOD SUPPLEMENTS FOR CHILDREN

PHASED GST