Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

خیبرپختونخوا میں گرڈ اسٹیشنز پر چڑھائی : وزیر توانائی نے وزارت داخلہ سے مدد مانگ لی

پولیس ذمہ داروں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج نہیں کر رہی، اویس لغاری کی خط میں دہائی
شائع 20 جون 2024 12:27am
فوٹو۔۔۔فائل
فوٹو۔۔۔فائل

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو خط لکھ کر خیبرپختونخوا میں گرڈ اسٹیشنز پر پیش آنے والے واقعات پر مدد مانگ لی ہے۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور ڈیرہ اسماعیل خان گرڈ اسٹیشن پہنچے، انہوں نے وفاقی حکومت کو خیبرپختونخوا سے نیشنل گرڈ کو بجلی فراہمی بند کرنے کی واضح دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر نیشنل گرڈ سے بجلی کم کی گئی تو بجلی بند کردوں گا۔

اس کے علاوہ بدھ کو ہی ٹانک میں ایم پی اےعثمان خان نے ٹانک گرڈ پہنچ کر ضلع بھر کے متعدد بند فیڈرز کی بجلی بحال کردی تھی۔ جب کہ اس سے قبل منگل کو پشاور کے رکن صوبائی اسمبلی فضل الہی نے گرڈ اسٹیشن میں چارپائیاں ڈال لی تھیں اور بجلی بحال کروا دی تھی۔

خیبرپختونخوا میں گرڈ اسٹیشنز پر پیش آنے والے واقعات کے تناظر میں وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو خط لکھ دیا ہے۔ جس کے مطابق خیبر پختونخوا میں ذمہ دار شخصیات گرڈ اسٹیشنز کے احاطے میں مظاہروں کی قیادت کر رہی ہیں۔

اویس لغاری نے خط میں لکھا کہ پولیس ذمہ داروں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج نہیں کر رہی۔ سی ای او پیسکو کی طرف سے بھیجی گئی ایک رپورٹ شیئر کی جا رہی ہے، صوبائی اراکین اسمبلی اور دیگر نے گرڈ اسٹیسن عملے کو بجلی بحالی سے متعلق غیرقانونی احکامات دیے۔

خط کے مطابق ایسے واقعات بجلی بندش پر، مردان، چارسدہ، ٹانک، بنوں اور پشاور میں پیش آ رہے ہیں۔ ان فیڈرز پر بہت نقصانات اور بجلی چوری ہوتی ہے۔ یہ صورتحال گرڈ اسٹیشنز اور عملےکی حفاظت کےلیے خطرے کا باعث ہے۔

وزیر توانائی کی جانب سے لکھے گئے خط میں مزید درخواست کی گئی کہ غیر متعلقہ افراد کو گرڈز میں داخل ہونے سے روکا جائے، ان افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں، جو زبردستی گرڈ اسٹیشنز میں داخل ہو کر بجلی بحال کرتے ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ وفاقی و صوبائی سطح پر صوبے کے تمام گرڈز پر سخت سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی جائے، اور غیر متعلقہ افراد کو گرڈز میں داخل ہونے سے روکا جائے۔

خط کے مطابق پیسکو رپورٹ میں نامزد گرڈ اسٹیشنز میں زبردستی گھسنے والوں پر مقدمات درج کیے جائیں، اور ان افراد پر بھی مقدمات درج کیے جائیں جو زبردستی گرڈ اسٹیشنز میں داخل ہوئے اور بجلی بحال کی۔

خیبر پختونخوا

Loadshedding

Awais Laghari

SIT IN AT GRID STATION

HALIM ADIL SHEKH