Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

امریکا میں انوکھی ڈکیتی، 20 ڈاکو ڈھائی منٹ میں دن دہاڑے جیولری اسٹور کا صفایا کر گئے

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 5 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا
شائع 16 جون 2024 06:48pm

امریکا میں ڈکیتی کا انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جہاں 20 ڈاکوؤں نے جیولری اسٹور کا ڈھائی منٹ میں صفایا کر دیا۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست کیلیفورنیا میں تقریباً 20 ڈاکوؤں کے ایک گروپ نے بدھ کی دوپہر ایک جیولری اسٹور کو لوٹ لیا، تقریباً ڈھائی منٹ میں ڈاکوؤں نے اسٹور کا صفایا کر دیا۔

ڈاکوؤں نے سنی ویل سٹی میں پی این جی جیولرز کے دروازے توڑ کر ڈسپلے کیسز کے شیشے ہتھوڑیوں کی مدد سے توڑے اور زیورات اپنے بیگ میں بھر کر پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی بھاگ نکلے۔

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈاکوؤں کے ہجوم کو جیولری اسٹور لوٹتے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے 5 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اور ان کی شناخت بھی ہو گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق اگرچہ ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے تاہم اہلکاروں نے دو گاڑیوں کا تعاقب کیا، جن میں سے ایک کار ہائی وے پر نظروں سے اوجھل ہوگئی تاہم دوسری کار سے ڈاکوؤں نے چوری شدہ زیورات باہر پھینکے۔

بعد ازاں ڈاکوؤں نے بھی کار چھوڑ دی اور فری وے اور قریبی صنعتی علاقے میں بھاگ نکلے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ کھوجی کتے کی مدد سے پولیس نے پانچ ڈاکو گرفتار کر لیے ہیں، جن میں ٹونگا لاٹو، تاوکے ایسافے، اوفا آہومانا، کلیفی لائتووا اور افوہیا لاواکیہو شامل ہیں۔

پانچوں ملزمان پر مسلح ڈکیتی، گاڑی چوری، گرفتاری میں مزاحمت، چوری، جرم کرنے کی سازش، توڑ پھوڑ اور چوری کے اوزار رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

پولیس کے تفتیش کار یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا اس ڈکیتی کا تعلق ایک اور ڈکیتی سے بھی ہے، جس میں گزشتہ ماہ سنی ویل سٹی میں زیورات کی ایک اور دکان کو لوٹا گیا تھا۔

Robbery

PNG Jewelers