Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

ٹی 20 ورلڈکپ: عماد وسیم نے بھارت سے شکست کا ذمہ دار کس کو ٹھہرایا؟

بھارت کیخلاف میچ میں توقعات پر پورا نہ اترنے کا افسوس ہے، قومی آل راؤنڈر
شائع 16 جون 2024 11:45am

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں آئرلینڈ کے خلاف میچ سے قبل قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے بھارت کے خلاف میچ میں شکست کا ذمہ دار خود کو ٹھہرا دیا اور کہا کہ مایوس ہوں کہ بھارت کے خلاف میچ میں عوام کی توقعات پر پورا نہ اترسکا، جس کا افسوس رہے گا۔

آئرلینڈ کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے عماد وسیم نے بھارت سے شکست کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت سے شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، بھارت سے میچ ختم کرنا میری ذمہ داری تھی جو میں نہیں کرسکا، جس کا افسوس مجھے ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

عماد وسیم نے کہا کہ ہمارا گیم پلان یہی تھا کہ میچ کو آخر تک لے کر جانا ہے کیوں کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار نہیں تھی، بدقسمتی سے میں اپنے پلان پر عملدرآمد نہیں کرواسکا، بھارت نے بہت اچھی بولنگ کی اور ہمیں زیادہ کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔

بھارت سے شکست کے بعد میمز کا طوفان: جیتا ہوا میچ کیسے ہارتے ہیں، پاکستانی ٹیم سے سیکھیں’

امریکا اور بھارت سے شکست پر قومی آل راؤنڈر نے کہا کہ یہ کسی بھی ایک یا دو کھلاڑیوں کا کام نہیں ہوتا، جو بھی ہوتا ہے ٹیم ورک کے نتیجے میں ہوتا ہے، بھارت سے شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں، بھارت سے میچ ختم کرنا میری ذمہ داری تھی جو میں نہیں کرسکا، جس کا افسوس مجھے ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

ریٹائرمنٹ سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ سے ہمارا آخری میچ ہے، اس کے بعد جو بھی کروں گا سوچ سمجھ کر فیصلہ کروں گا، جبکہ چیئرمین پی سی بی بھی ٹیم سے متعلق کچھ فیصلے کریں گے۔

عماد وسیم کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح وائٹ بال کرکٹ کھیلنی چاہیئے، پاکستان کو بھی ویسی کرکٹ کھیلنے چاہیئے اور جس طرح دنیا کی باقی ٹیمیں کرکٹ کھیل رہی ہیں، ہمیں بھی ویسی کرکٹ کھیلنی چاہیئے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں اپنی غلطیوں کو دیکھنا ہوگا کہ ہم سے کیا غلطیاں ہوئیں اور ان پر قابو پانے کی ضرورت ہے، بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کو مزید بہتر کرنا ہوگا، ٹی20 میں کچھ بھی ہوسکتا ہے لیکن ہمیں امریکا سے میچ نہیں ہارنا چاہیے تھا اور بھارت کے خلاف ہم جیتی ہوئی بازی ہارگئے، ان سب چیزوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ اس طرح کبھی باہر نہیں ہوئی، جتنا قوم کو ہماری کارکردگی پر افسوس ہے اس سے زیادہ ہمیں اس کا بات اندازہ ہے، کیوں کہ ہم پروفیشنل کرکٹرز ہیں اور یہ ہمارا کام ہے، لیکن جب آپ گرتے ہیں تو اس کے بات اٹھ کر کس طرح کا رد عمل دیتے ہیں، وہ زیادہ اہم ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی، عامر اور عماد نے ایک بار پھر ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیا

ٹی 20 ورلڈکپ میں بدترین کارکردگی کے بعد چیئرمین پی سی بی کی جانب سے ٹیم میں سرجری سے متعلق سوال کے جواب میں عماد وسیم نے کہا کہ مجھے اس بات کا بالکل بھی علم نہیں ہے، لیکن چیئرمین نے ایسا کہا ہے تو اس حوالے سے وہ جو بھی کریں گے، ہمیں وہ تسلیم کرنا ہوگا۔

بھارت کے خلاف میچ کے دوران ان فٹ ہونے سے متعلق سوال پر عماد وسیم نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں، میں مکمل فٹ تھا، میڈیکل پینل نے مجھے 100 فیصد فٹ قرار دیا تھا، جب ہم میچ ہارتے ہیں تو لوگ بہت سی باتیں کرتے ہیں، لیکن میڈیا میں گردش کرنے والی بہت سی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں ابتدائی 2 میچز امریکا اور بھارت کے خلاف ہارنے کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگیا ہے جبکہ پاکستان نے اپنے تیسرے میچ میں کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ٹی 20 ورلڈکپ: آئرلینڈ کیخلاف میچ، پاکستان ٹیم کے حوالے سے اہم خبر آگئی

قومی ٹیم ورلڈکپ میں اپنا آخری میچ آج آئرلینڈ کے خلاف فلوریڈا میں کھیلے گی، جہاں آج بارش کے امکانات کم ہیں، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔

Pakistan Cricket Team

T20 World Cup

India vs Pakistan

ICC T20 World Cup

Pakistan vs India

t20 world cup 2024

imad wasim

pakistan vs ireland

imad waseem

icc mens t20 world cup

t20 worldcup 2024