Aaj News

پیر, نومبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

پنجاب میں لوہے کی سیڑھی پر کرنٹ پھیلنے سے 4 مزدور کنویں میں ڈوب گئے

مزدور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی تعمیراتی سائٹ پر کام کررہے تھے
اپ ڈیٹ 14 جون 2024 11:37am

تاندلیانوالہ میں لوہے کی سیڑھی پر کرنٹ پھیلنے سے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی تعمیراتی سائٹ پر کام کرنے والے 4 مزدور کنویں میں ڈوب گئے۔

تاندلیانوالہ صوبہ پنجاب کا ایک شہر ہے جو فیصل آباد سے تقریباً 40 کلومیٹر پر اور اوکاڑہ سے تقریباً 45 کلومیٹر اوکاڑہ روڈ پر واقع ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جاں بحق مزدوروں کی شناخت 35 سالہ گارڈ شفیق، 36 سالہ ارسلان، 40 سالہ برہان اور 40 سالہ اصغر کے نام سے ہوئی ہے۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب کنویں میں لوہے کی سیڑھی پر کرنٹ پھیل گیا جس سے مزدور اندر گر کر ڈوب گئے۔

ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر 6 افراد کو کنویں سے نکال لیا۔ ان میں سے 4 جاں بحق ہوچکے تھے۔ ریسکیو عملے کے مطابق 30 سالہ کارکن ناصر اور 26 سالہ حامد سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

واقعے کے بعد ایس پی اقبال ٹاؤن عثمان منیر سیفی، ڈی ایس پی فیکٹری ایریا رانا عطا الرحمان اور ایس ایچ او ڈجکوٹ شہزاد احمد بھٹی سمیت پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچے۔ جاں بحق افراد کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئیں۔

punjab

Tandlianwala