Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

’نواز شریف کے پیغام کو سراہتے ہیں‘، مبارکباد کے پیغام پر مودی کا جواب

تاخیر سے مبارکباد پر مودی نے کیا کہا؟
شائع 10 جون 2024 08:59pm

بھارتی انتخابات کے نتائج آنے کے تقریباً ایک ہفتے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کو اپنے ہم منصب نریندر مودی کو دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے پر مختصر مبارکباد پیش کی۔

شہباز شریف نے پاکستان کی طرف سے جاری کئے گئے پیغام میں لکھا، ’بھارتی وزیر اعظم کے طور پر حلف لینے پر نریندرا مودی کو مبارکباد‘۔

مودی نے بھی شہباز شریف کی پوسٹ کے جواب میں کہا، ’آپ کی نیک خواہشات کے لیے شکریہ‘۔

نریندرا مودی نے اتوار کو ایک تقریب میں وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا جس میں بنگلہ دیش، مالدیپ اور سری لنکا کے جنوبی ایشیائی رہنماؤں نے شرکت کی، تاہم ہمسایہ حریف چین اور پاکستان موجود نہیں تھے۔

دونوں ممالک کے درمیان اس وقت تعلقات معمول پر نہیں ہیں، یہ تعلقات مودی کے دور میں ایک دہائی کے دوران خراب ہوئے ہیں، جنہوں نے اپنے ہندو قوم پرست ایجنڈے سے نفرت کو ہوا دی۔

شہباز شریف کے بھائی اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 2014 میں مودی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی، ایسا تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا تھا۔

نواز شریف نے بھی مودی کے دوبارہ وزارت عظمیٰ سنبھالنے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’حالیہ انتخابات میں آپ کی پارٹی کی کامیابی آپ کی قیادت پر لوگوں کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے، آئیے نفرت کو امید سے بدل دیں۔‘

مودی نے جواب میں لکھا، ’نواز شریف کے پیغام کو سراہتے ہیں۔ ہندوستان کے لوگ ہمیشہ امن، سلامتی اور ترقی پسند خیالات کے لیے کھڑے رہے ہیں۔ اپنے لوگوں کی بھلائی اور سلامتی کو آگے بڑھانا ہمیشہ ہماری ترجیح رہے گی‘۔

پاکستان نے 2019 میں نئی ​​دہلی کے ساتھ دوطرفہ تجارت معطل کر دی تھی اور سفارتی تعلقات بھی کم ہو گئے تھے، کیونکہ مودی کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی محدود خود مختاری کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔

پاکستان کے حال ہی میں منتخب ہونے والے وزیر اعظم نے اس سے قبل بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کی خواہش کا اشارہ دیا تھا۔

Nawaz Sharif

Narendra Modi

PM Shehbaz Sharif