لکی مروت: شہید کیپٹن فراز الیاس چونیاں میں سپرد خاک، وزیراعظم کی شرکت
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے کیپٹن محمد فراز الیاس کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں چونیاں میں ادا کردی گئی، جس کے بعد انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف سمیت عسکری حکام نے شہید کیپٹن محمد فراز الیاس کی نماز جنازہ میں شرکت کی، اس کے علاوہ وزیراطلاعات عطاء تارڑ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور بھی نمازجنازہ میں شریک ہوئے۔
وزیراعظم نے شہید کیپٹن فراز الیاس کی میت کو کندھا دیا اور تدفین کے عمل میں حصہ لیا۔
بعدازاں شہید کو پاک فوج کے دستے کی جانب سے سلامی پیش کی گئی اور قبر پر گلدستہ بھی رکھا گیا۔
تدفین کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے شہید کیپٹن فراز الیاس کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کسی کسی کو یہ عظیم مقام بخشتا ہے، قرآن مجید میں فرمان ہے شہید کو مردہ مت کہو یہ زندہ ہیں، شہید کیپٹن فراز الیاس سارے خاندان کے لیے جنت میں مقام بنا گئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاک فوج کے ہزاروں جوانوں نے جان کا نذرانہ پیش کیا، یقین دلاتا ہوں کہ شہید کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، شہید کا خون ضرور رنگ لائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وطن کی خاطر جان دینے والوں کی قربانیاں کو فراموش نہیں کرسکتے، ارض پاک سے دہشت گردوں کو ختم کرکے دم لیں گے۔
بعدازاں وزیراعظم نے گاؤں کا نام شہید کیپٹن فراز الیاس کے نام سے منسوب کر دیا اور شہید کے گاؤں کو ماڈل ویلج بنانے کا بھی اعلان کیا۔
بارودی سرنگ دھماکے کے شہداء کی نمازجنازہ بنوں میں ادا
اس سے قبل لکی مروت میں بارودی سرنگ دھماکے کے شہداء کی نمازجنازہ بنوں میں ادا کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بارودی سرنگ دھماکے میں شہید ہونے والے 7 جوانوں کی نماز جنازہ بنوں میں ادا کر دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے کیپٹن محمد فراز الیاس، صوبیدار میجر محمد نذیر، لانس نائیک محمد انور، لانس نائیک حسین علی، سپاہی اسد اللہ ، سپاہی منظور حسین، سپاہی راشد محمود کی نماز جنازہ بنوں میں ادا کی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نمازجنازہ میں کور کمانڈر پشاور، حاضرسروس افسران، جوانوں اور عوام نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نماز جنازہ کے بعد شہداء کے جسد خاکی آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دیے گئے، شہداء کو آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر شہداء کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی آئی ای ڈی سے ٹکرا گئی تھی، جس کے نتیجے کیپٹن سمیت پاک فوج 7 جوان شہید ہوگئے تھے۔
Comments are closed on this story.