Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

’دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے‘ پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر سیاسی قیادت کا اظہار افسوس

پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے، صدر مملکت
شائع 09 جون 2024 09:33pm
فوٹو۔۔۔فائل
فوٹو۔۔۔فائل

لکی مروت میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر سیاسی قیادت نے اظہار افسوس کرتے ہوئے واقعے کی سخت مذمت کی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔

لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی آئی ای ڈی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے کیپٹن سمیت پاک فوج 7 جوان شہید ہوگئے۔ افسوسناک واقعے کے بعد سیاسی قیادت نے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے لکی مروت کے واقعے میں جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور واقعہ میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔

انھوں نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی لکی مروت میں پاک فوج کے کیپٹن فراز الیاس سمیت 7 اہلکاروں کی شہادت پر رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

انھوں نے کہا کہ پوری قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ان کی خدمات پر سلام پیش کرتی ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم نڈر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے، ارض پاک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ کیپٹن محمد فراز الیاس سمیت 7 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرا دکھ ہوا۔ انھوں نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کی۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی لکی مروت میں سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔

pakistan army

terrorist attacks

PM Shehbaz Sharif

President Asif Ali Zardari