Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان کی عبرتناک شکست پر شوبز اداکار بھی پھٹ پڑے

سیاستدان سمیت اداکار بھی کھلاڑیوں پر سخت برہم
شائع 07 جون 2024 05:36pm
تصویر بشکریہ گوگل
تصویر بشکریہ گوگل

امریکا کے ہاتھوں قومی کرکٹ ٹیم کی عبرتناک شکست کے بعد جہاں پاکستانی شائقین مایوس نظر آئے تو وہیں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی سوشل میڈیا پر غم و غصے کا اظہار کیا۔

واضح رہے امریکا نے پاکستان کو سپراوور مرحلے میں 6 رنز سے شکست دی۔ دونوں ٹیموں نے 20 اوورز میں 159، 159 رنز اسکور کیے تھے۔ سپر اوور میں امریکا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 18 رنز بنائے۔ پاکستان 19 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 13 رنز بنا سکا۔

پاکستانی ٹیم کو جہاں شکست کا سامنا ہوا وہیں سوشل میڈیا صارفین سمیت شوبز سیلیبریٹیز نے بھی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیا۔

ہمیں بولنگ اور مڈل آرڈر کو بہتر کرنا پڑے گا، بابر اعظم

بابر الیون کی ہار پر اداکار و میزبان احمد علی بٹ نے انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ ’کتنی بے عزتی کی بات ہے، کتنی مایوس کن کارکردگی دکھائی ہے، میں کچھ کے لائق نہیں رہا، ہم سب جانتے ہیں کہ آدھے کھلاڑیوں کی اس ٹیم میں جگہ بھی نہیں بنتی ہے‘۔ پوسٹ کے آخر میں احمد علی بٹ نے یہ بھی لکھ دیا کہ ’سیاست زندہ باد، یہ انتہائی شرمناک ہے‘۔

معروف اداکارہ ماورا حسین نے بھی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر لکھا ’Speechless‘۔ ان کا اس تبصرے کا یہی مطلب تھا کہ ٹیم نے کچھ کہنے کے قابل نہیں چھوڑا۔

اداکار عثمان خان نے لکھا ’ایسا لگ رہا ہے کہ امریکا 50 سال سے کرکٹ کھیل رہا ہے، پاکستان کا پہلا ورلڈ کپ ہے‘۔

اداکارہ صبور علی کے شوہر علی انصاری نے بھی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کرتے کرتے میری بس ہوچکی ہے‘۔

وہیں سب سے زیادہ چوہدری فواد حسین کا پاکستان کی ہار پر کیا جانے والا تبصرہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں انہوں نے لکھا کہ اِس سے پہلے کہ اگلا میچ ہو چیف جسٹس صاحب سے گزارش ہے اس ٹیم سے بلا چھین لیں’۔

خیال رہے پاکستان اپنا اگلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف امریکی شہر نیویارک میں کھیلے گا۔

پاکستان

T20 World Cup

pakistan vs usa

National Cricket Team

Loss From America