Aaj News

ہفتہ, ستمبر 28, 2024  
23 Rabi ul Awal 1446  

پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر آگیا، عیدالاضحیٰ 17 جون بروز پیر کو ہوگی

مختلف شہروں سے شہادتیں موصول ہوئیں، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی صاحبزادہ عبدالخبیرآزاد
اپ ڈیٹ 07 جون 2024 08:39pm
فوٹو۔۔ آج نیوز
فوٹو۔۔ آج نیوز

پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر آگیا، یکم ذی الحج 8 جون اور 10 ذی الحج یعنی عید الاضحیٰ 17 جون بروز پیر کو ہوگی۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی صاحبزادہ عبدالخبیرآزاد کا کہنا ہے کہ مختلف شہروں سے شہادتیں موصول ہوئیں۔

ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں منعقد کیا گیا۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی صاحبزادہ عبدالخبیرآزاد نے اجلاس کی صدارت کی۔

زونل کمیٹوں کے اجلاس دیگر صوبائی دارالخلافہ اور اسلام آباد میں منعقد کیے گئے۔

پشاور میں چاند دیکھا گیا

پشاور میں ذوالحج کاچاند دیکھنے کے لیے زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اوقاف ہال میں ہوا۔ جس کی صدارت ڈاکٹر حافظ عبدالغفور نے کی۔ زونل کمیٹی اجلاس میں 5 ممبران شریک ہوئے۔ کمیٹی ممبران میں مولانا عبدالبصیر،مولانا محمد علی شاہ مولانا عتیق اللہ اور مولانا عابد شاکری شامل تھے۔

اجلاس کے موقع پر زونل رویت ہلال کمیٹی نے بتایا کہ پشاور میں ذی الحج کا چاند نظر آیا، تاہم چاند کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا گیا۔

لاہور، اسلام آباد میں موسم ابر آلود

لاہور میں صوبائی زونل کمیٹی کے اجلاس میں ذی الحج کاچاند نظر نہیں آیا، موسم ابرآلود ہونے کے باعث چاند نظر آنے میں دشواری رہی۔ اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی موسم ابر آلود رہا۔

یہ بھی پڑھیں :

عیدالاضحیٰ : چاند نظر آنے سے پہلے اور بعد میں کون سے ضروری کام کرنے چاہئیں ؟

واضح رہے کہ سعودی عرب میں ذوالحج کا چاند نظر آ گیا ہے، حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ 15جون 2024 کو ہوگا، جبکہ سعودی عرب میں عیدالاضحی بروز اتوار 16 جون کو ہوگی۔

Eid ul Azha

Moon sighting

Eid Ul Adha 2024