Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

عدالت نے پی ٹی آئی فوکل پرسن اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی کا حکم دے دیا

پی ٹی آئی کا چیف جسٹس سے اغواکاروں کو طلب کرنے کا مطالبہ
شائع 06 جون 2024 03:47pm

پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کے سینئر رکن اظہر مشوانی کے دو بھائیوں کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا۔ عدالت نے پی ٹی آئی فوکل پرسن اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی کا حکم دے دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دونوں بھائیوں کے مبینہ اغوا کی شدید مذمت کی گئی ہے اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اور چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا پالیسی کا ذمہ دار کون، عمران کا اکاؤنٹ کون چلاتا ہے؟ رہنماؤں کی ایف آئی اے پیشی میں بڑے انکشافات

ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ ملک جنگل کے قانون کی گرفت میں ہے، کسی شریف اور بےگناہ شہری کی جان، مال، عزت اور بنیادی حقوق محفوظ نہیں۔

ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس ننگی، ماورائے آئین و قانون اغوا کاری کے مرتکب افراد کو طلب کیا جائے۔

دوسری جانب دونوں مغویوں کے والد قاضی حبیب الرحمٰن کی جانب سے بازیابی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے، جس میں آئی جی پنجاب اور سی ٹی ڈی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست سلمان اکرم راجہ، ایڈووکیٹ ابوذر سلمان خان نیازی کی وساطت سے دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ پروفیسر ظہور اور پروفیسر مظہر کو رات گئے گھر سے اغواء کیا گیا، انہیں سادہ لباس اور پولیس یونیفارم میں ملبوس اہلکاروں نے حراست میں لیا، اغواء کرنے والوں نے نہیں بتایا کہ انہیں کیوں لے کر جا رہے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ اس سے قبل بھی پروفیسر ظہور کو 100 سے زائد دن غیر قانونی حراست میں رکھا گیا، عدالت پروفیسر ظہور اور پروفیسر مظہر کو بازیاب کروانے کا حکم دے۔

بانی پی ٹی آئی کے فوکل پرسن اظہر مشوانی کے بھائیوں کے اغوا کے خلاف دائر اس درخواست پر سماعت ہوئی تو جسٹس سید شہباز رضوی نے آئی جی پنجاب اور سی ٹی ڈی کو مغویوں کی بازیابی کا حکم دیتے ہوئے کل تک پروفیسر ظہور اور پروفیسر مظہر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

azhar mashwani

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

PTI Social Media Team Member