Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان سے پنک نمک دوسرے ممالک کو بھیجنے پر کسٹم ڈیوٹی عائد

ہر میٹرک ٹن پر 130 ڈالر ادا کرنا ہوں گے، شرح کا تعین اسٹیک ہولڈرز کے اجلاس میں کیا گیا
اپ ڈیٹ 06 جون 2024 12:28pm

دی ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمز ویلیوئیشن لاہور نے پنک راک سالٹ (گلابی نمک) کی برآمد پر 130 ڈالر فی میٹرک ٹن ڈیوٹی عائد کردی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ نے اس حوالے سے بدھ کو ویلیوئیشن رولنگ جاری کردی۔

دی ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمز ویلیوئیشن لاہور کو اس حوالے سے کراچی کے ڈائریکٹوریٹ سے ہدایات موصول ہوئی تھیں۔ لاہور ڈائریکٹوریٹ نے یہ ویلیوئیشن رولنگ 1969 کے کسٹمز ایکٹ کے سیکشن 25 کے سب سیکشن 15 کے تحت دی ہے۔

اس حوالے سے اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس بھی ہوا جس میں ٹریڈ اینڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ٹڈاپ)، وفاق پاکستان ایوان ہائے صنعت و تجارت، سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نمائندوں اور گلابی نمک کے برآمدی تاجروں نے شرکت کی۔

اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز، بازار کے رجحان اور برآمدات سے متعلق مواد کا جائزہ لیتے ہوئے مشاورت کے ذریعے گلابی نمک کی برآمد پر ڈیوٹی کا تعین کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان کا گلابی نمک مغربی ممالک میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ سمندری نمک کے مقابلے میں یہ قدرتی نمک زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔

بھارتی تاجر پاکستان سے گلابی نمک منگواکر نئی پیکنگ میں اپنی پروڈکٹ کے طور پر برآمد کرکے خطیر زرِ مبادلہ کماتے ہیں۔

المیہ یہ ہے کہ گلابی نمک ریفائننگ کے بغیر کراچی کے متعدد علاقوں میں تقریباً مفت کے داموں فروخت ہو رہا ہے۔ ٹھیلوں پر یہ نمک 30 روپے کلو تک دستیاب ہے۔

حکومت متوجہ ہو تو گلابی نمک پاکستان کی برآمدات میں نمایاں مقام حاصل کرسکتا ہے۔

FPCCI

STAKEHOLDERS

TDAP

PINK SALT

EXPORT DUTY

DIRECTORATE OF CUSTOMS