Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سعودی عرب کی فٹبال ٹیم پاکستان پہنچ گئی، برطانوی فٹبالر مائیکل اوون کے کراچی میں سیر سپاٹے

پاکستان میں فٹبال کھیل کے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں، مائیکل اوون
اپ ڈیٹ 05 جون 2024 11:44pm

فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائرز راؤنڈ ٹو میں شرکت کےلئے سعودی عرب کی فٹبال ٹیم پہلی بار پاکستان پہنچ گئی ، پاکستان اور سعودی عرب فیفا کوالیفائرز میں کل اسلام آباد میں مدمقابل ہونگے۔ دوسری طرف پاکستان فٹبال لیگ ( پی ایف ایل) کے ایمبیسڈر برطانیہ کے معروف سابق پروفیشنل فٹبالر مائیکل اوون نے کراچی میں سیر سپاٹے کیے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں فٹبال کھیل کے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں۔

سعودی عرب فٹبال ٹیم چارٹر فلائٹ سے ریاض سے اسلام آباد پہنچی جہاں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ٹیم کا استقبال کیا۔

چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود اور پی ایف ایف آفیشلز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سعودی عرب فٹبال ٹیم کو سخت سکیورٹی میں ایئرپورٹ سے ہوٹل پہنچایا گیا ۔

پاکستان اور سعودی عرب کا ہوم مقابلہ 6 جون کو شیڈول ہے ۔میچ جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔ سعودی عرب فٹبال ٹیم پہلی بار پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔

برطانوی فٹبالر مائیکل اوون کے کراچی میں سیر سپاٹے

پاکستان فٹبال لیگ ( پی ایف ایل) کے ایمبیسڈر برطانیہ کے معروف سابق پروفیشنل فٹبالر مائیکل اوون نے کراچی میں مصروف دن گزارا۔ سب سے پہلے وہ لیاری پہنچے اور ککری گراؤنڈ میں کھیلا گیا نمائشی میچ دیکھا اور کھلاڑیوں اور شائقین میں گھل مل گئے۔ اس موقع پر لیور پول کے مایہ ناز فٹبالر ایمیل ہیسکی اور پاسکل چمبونڈا و دیگر بھی موجود تھے ۔

اس کے بعد غیر ملکی فٹبالر گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی دعوت پر گورنر ہاؤس پہنچے جہاں کامران ٹیسوری سے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر مائیکل اوون نے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان فٹبال لیگ کا عالمی وفد بھی موجود تھا۔

ملاقات میں پاکستان میں عالمی فٹبال لیگ شروع کرنے، کھیل کے فروغِ، عالمی معیار کے کھلاڑیوں کی تیاری اور دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان میں عالمی فٹبال لیگ کا انعقاد انتہائی خوش آئند ثابت ہوگا، فٹبال لیگ سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ عالمی فٹبال لیگ سے اس کھیل کی جانب رجحان بڑھے گا دنیا بھر میں فٹبال کھیل کو جنون کی حد تک دیکھا جاتا ہے، فٹبال کھیل کے فروغ سے عالمی معیار کے کھلاڑی تیار کئے جا سکتے ہیں۔

اس موقع پر عالمی شہرت یافتہ فٹبالرمائیکل اوون نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کھیل کے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں، ان کھلاڑیوں کی تربیت، ان کے کھیل کو مزید نکھار سکتی ہے، گورنر سندھ کی دلچسپی اس کھیل کے فروغ میں اہم ثابت ہوگی۔

گورنر سندھ نے معزز مہمانوں کو صوبہ کی ثقافت سندھی اجرک، ٹوپی اور شیلڈ بھی پیش کی۔

اس کے بعد فٹبالر کلفٹن کے نجی شاپنگ مال میں پہنچے جہاں پاکستان فٹبال لیگ کے ایمبیسڈر مائیکل اوون کا شاندار استقبال کیا گیا۔

Saudia Arabia

footballer

Michael James Owen