Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بجٹ سے پہلے مسائل حل ہوں گے، وزیر اعظم وعدہ پورا کریں گے، بلاول

اندرونی مسائل کے باعث پارٹی اور حکومت کو نقصان نہ پہنچے، چیئرمین پیپلزپارٹی
اپ ڈیٹ 05 جون 2024 05:42pm
فوٹو۔۔۔ آج نیوز
فوٹو۔۔۔ آج نیوز

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ فوکس کرنا ہوگا محدود وسائل میں مسائل کیسےحل ہوں گے، امید ہے بجٹ سے پہلے مسائل حل ہوں گے، وزیراعظم شہبازشریف اپنا وعدہ پورا کریں گے، وفاقی حکومت کی طرف سے پیسہ ملنا چاہیے۔ یاد رکھا جائے کہ اندرونی مسائل کے باعث پارٹی اور حکومت کو نقصان نہ پہنچے۔

کراچی میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں بلاول بھٹو کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اس موقع پر بلاول نے ارکان سندھ اسمبلی کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کے ارکان میں سستی نظرآرہی ہے، ٹرانسفر پوسٹنگ کی سیاست بند ہونی چاہیے۔

بلاول نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے مشکل معاشی صورتحال، اراکین کے سامنے رکھی، ہمیں محدود وسائل سے گورننس بہتر کرنی ہوگی۔ الیکشن کو کئی ماہ گزر گئے، اپنےارکان اسمبلی میں سستی دیکھ رہا ہوں، کچھ لوگوں کی اچھی رپورٹس مل رہی ہیں، کچھ کی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے وزرا محنت کریں تاکہ ان کا کام نظر آئے،ایک دوسرے کو سیاسی مخالفت کے لیے استعمال کیا جارہا ہے، آپ لوگ بار بار کامیاب ہوکر آرہے ہیں، ٹرانسفرپوسٹنگ کی سیاست بند ہونی چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ آپ عوام کی توقعات پر پورا اتریں، الیکشن کو کئی ماہ گزر گئے، مگر آپ توجہ نہیں دے رہے، ارکان کو کہنا چاہتا ہوں کہ اپنے حلقوں پر توجہ دیں، اپنے منصوبوں کے فیصلے کھلی کچہری میں مشورے لے کر کریں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پارلیمانی حاضری کیساتھ اپنےحلقوں میں بھی وقت دینا ہوگا، اندرونی مسائل کے باعث پارٹی اور حکومت کو نقصان نہ پہنچے، ہمیں اچھے آفیسرز کو موقع دینا چاہیے۔

بلاول نے کہا کہ عوام نفرت کی سیاست سے بہت مایوس ہیں، حکومت میں آنے کا مقصدغریب عوام کی خدمت کرنا ہے، آپس کی لڑائیوں سے کارکردگی کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے، پر امید ہوں کہ صوبے کےعوام کی توقعات پرپورا اتریں گے۔

انھوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی اپنے اضلاع میں افسران پر نظر رکھیں، اگر کوئی افسر بدنامی کا سبب بن رہا ہے تو قیادت اور وزیر اعلیٰ کو بتایا جائے، تاکہ پارٹی اور حکومت کی بدنامی نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کےباعث تباہ اسکولوں کی بحالی اولین ترجیح ہے، سولر بجلی کی فراہمی ہمارے پلان کا سب سے اہم حصہ ہے

امن و امان کی بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ مجھے سندھ پولیس پر پورا بھروسہ ہے، پولیس جرایم پیشہ افراد پر قابو پالے گی۔

Sindh government

Bilawal Bhutto Zardari

Pakistan Politics