Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر کوئی پابندی نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ

عدالت نے آئندہ سماعت پر حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی
شائع 05 جون 2024 01:20pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت ہوئی، پریس ایسوسی ایشن کی جانب سے سے درخواست گزار فیاض محمود، رضوان قاضی اور عقیل افضل عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر کوئی پابندی نہیں ہے، میڈیا عدالتی کارروائی کو رپورٹ کرسکتا ہے، پابندی رپورٹنگ پر نہیں بلکہ غیر ذمے دارانہ رپورٹنگ پر ہے، صرف سنسنی خیز ٹکر چلانے پر مسئلہ ہوتا ہے۔

دوران سماعت پیمرا کی لیگل ٹیم جانب سے عدالت میں جواب جمع کروا دیا گیا۔

عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا وفاقی حکومت کا س معاملے سے تعلق ہے؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے کہا کہ یہ پیمرا کا معاملہ ہے، وفاقی حکومت کا تعلق نہیں ہے۔

بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی نے مؤقف اپنایا کہ پیمرا نے جس قانون کا سہارا لیا ہے، اس میں زیر سماعت مقدمات رپورٹ کرنے پر پابندی نہیں ہے۔

بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 11 جون تک ملتوی کردی۔

Justice Amir Farooq

Islamabad High Court

court reporting