Aaj News

ہفتہ, اکتوبر 05, 2024  
01 Rabi Al-Akhar 1446  

ٹی 20 ورلڈ کپ: افغانستان کی اونچی اڑان، یوگینڈا کو بڑے مارجن سے شکست دے دی

افغانستان کے 184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یوگینڈا کی پوری ٹیم صرف 58 رنز پر ڈھیر ہوگئی
شائع 04 جون 2024 09:46am

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے پانچویں میچ میں افغانستان نے یکطرفہ مقابلے کے بعد یوگنڈا کو 125 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کردیا۔

افغانستان نے رحمان اللہ گرباز کے 76 رنز اور ابراہیم زادران کے 70 رنز کی مدد سے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے جس کے جواب میں یوگینڈا کی پوری ٹیم صرف 58 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

امریکی ریاست پروویڈنس کے دارالحکومت رہوڈ آئی لینڈ میں کھیلے جا رہے گروپ سی کے پہلے میچ میں یوگینڈا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا۔

افغانستان کی بیٹنگ

افغانستان کے اوپنرز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے شروع سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا، اور پاور پلے کے 6 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 66 رنز بناکا خطرناک ارادے ظاہر کردیے۔

ٹی 20 ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں امریکا کی اونچی اڑان، کینیڈا کو ہرادیا

دونوں اوپنرز نے تیزرفتاری سے کھیل جاری رکھا اور 14.3 اوورز میں 154 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کی، اس موقع پر ابراہیم زادران 70 رنز پر ہمت ہار بیٹھے، انہوں 46 گیندوں کا سامنا کیا اور ایک چھکا اور 9 چوکے مارے۔

اس کے اگلے ہی اوور میں 4 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنانے والے رحمان اللہ گرباز بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

نجیب اللہ زردران 2 رنز، عظمت اللہ عمرزئی 5 رنز، گلبدین نائب 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ آل راؤنڈر محمد نبی 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس طرح افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے اور یوگینڈا کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا۔

یوگنڈا کی جانب سے برائین مسابا اور کوسمس کیووٹا نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ الپیش راماجانی کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

یوگینڈا کی بیٹنگ

افغانستان کے 184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کے آغاز سے ہی یوگینڈا کی ٹیم مشکلات کا شکار رہی اور محض 58 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

اوپنر رونک پٹیل 4 رنز، روجر مکاسا بغیر رن اسکور کیے پویلین لوٹ گئے، سیمن سیسازی 4 اور دنیش نکرانی صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ الپیش رمجانی بھی کوئی رن اسکور نہ کرسکے اور کیچ آؤٹ ہو گئے۔

بیٹر ریاض علی شاہ اور کپتان برائن اوبویا بھی وکٹ پر زیادہ دیر نہ رک سکے، ریاض علی نے 11 جب کہ کپتان برائن کوئی رن اسکور نہ کرسکے۔

ٹی 20 ورلڈکپ کا پہلا سپر اوور: نمیبیا نے عمان کو شکست دے دی

روبن سن اوبویا نے مزاحمت کرتے ہوئے 14 رنز بنائے اور آؤٹ ہو گئے جبکہ بلال حسن 8 اور ہینری سین یونڈو کوئی رن نہ بنا سکے تاہم کوسمس کیووٹا 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس طرح افغانستان کی ٹیم نے یوگینڈا کو صرف 58 رنز کے اسکور پر آؤٹ کرکے میچ 125 رنز سے اپنے نام کرلیا۔

افغانستان کی جانب سے پیسر فضل الحق فاروقی نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 9 رنز دے کر 5 وکٹیں اپنے نام کیں، انہیں بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

اس کے علاوہ نوین الحق اور راشد خان 2،2 جبکہ مجیب الرحمان ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔

افغانستان کا اسکواڈ

افغانستان کی جانب سے کپتان راشد خان، وکٹ کیپر رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زردان، نجیب اللہ زردان، محمد نبی، گلبدین نائب، عزمت اللہ عمر زئی، کریم جنت، مجیب الرحمان، نوین الحق، فضل الحق فاروقی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔

یوگنڈا کا اسکواڈ

یوگنڈا کی ٹیم میں کپتان برائن مسابا، رونک پٹیل، کیپر سیمن سیسازی، روجر مکاسا، ریاضت علی شاہ، دنیش نکرانی، الپیش رامجانی، روبن سن اوبویا، بلال حسن، کوسمس کیئووٹا، اور ہینری سین یونڈو شامل ہیں۔

واضح رہے کہ افریقا سے نمیبیا کے بعد یوگنڈا دوسری ٹیم تھی جس نے امریکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔

ٹی 20 ورلڈکپ: سری لنکا کی بیٹنگ ناکام، جنوبی افریقا کا فاتحانہ آغاز

دوسری جانب افغانستان کی ٹیم گزشتہ برس بھارت میں ہونے والے آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ میں شرکت کے علاوہ پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا جیسی ٹیموں کو بھی شکست دے چکی ہے۔

T20 World Cup

t20 cricket

ICC T20 World Cup

t20 world cup 2024

icc mens t20 world cup

afghanistan vs ugenda