Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

آزادی مارچ کیس: عمران خان، شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنما 2 مقدمات میں بری

جوڈیشل مجسٹریٹ احتشام عالم نے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا
شائع 03 جون 2024 10:58am

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان، شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنماؤں کو آزادی مارچ کے دوران توڑ پھوڑ سے متعلق 2 مقدمات میں بری کردیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پی ٹی آئی قیادت کے خلاف آزادی مارچ کے دوران توڑ پھوڑ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج دو مقدمات کی سماعت ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ احتشام عالم نے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔

سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان، نعیم حیدر پنجوتھا، سردار مصروف ایڈووکیٹ ، آمنہ علی ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، سابق وزیر اسد عمر بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

آزادی مارچ: عمران خان، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

بعدازاں عدالت نے 2 مقدمات میں بریت کی درخوستیں منظور کرتے ہوئے عمران خان، شاہ محمود قریشی ، اسد عمر، علی محمد خان اور مراد سعید کو مقدمات سے بری کردیا۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، علی محمد خان اور مراد سعید نے بریت کی درخوستیں دائر کی تھیں۔

واضح رہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، شاہ محمود قریشی و دیگر رہنماؤں کے خلاف تھانہ گولڑہ میں دو مقدمات درج تھے، عمران خان اور دیگر کے خلاف تھانہ گولڑہ میں 2022 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ مارچ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے لانگ مارچ کے دوران احتجاج اور توڑ پھوڑ کے مزید 2 کیسز میں عمران خان اور سربراہ عوامی لیگ شیخ رشید سمیت 11 ملزمان کو بری کردیا تھا۔

یاد رہے کہ مئی 2022 میں اسلام آباد میں اختتام پذیر ہونے والے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے تناظر میں ملک بھر میں پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف دفعہ 144 سمیت دیگر سنگین خلاف ورزیوں پر درجنوں مقدمات درج کیے تھے۔

توڑ پھوڑ کیس: عمران خان و دیگر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور 89

جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں دارالحکومت کی پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف قانون نافذ کرنے والوں کے خلاف مزاحمت کرنے اور ریاستی املاک کو نقصان پہنچانے پر کم از کم 3 مقدمات درج کیے تھے، الزامات میں میٹرو بس اسٹیشنز کو آگ لگانا بھی شامل ہے۔

asad umar

Shah Mehmood Qureshi

imran khan

long march

Murad Saeed

azadi march

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)