Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

ٹی 20 ورلڈکپ کا پہلا سپر اوور: نمیبیا نے عمان کو شکست دے دی

اس سے پہلے دونوں ٹیموں نے مقررہ اوورز میں 109 رنز بنائے تھے
شائع 03 جون 2024 09:26am

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے پہلے سپر اوور میں نمیبیا نے عمان کو 11 رنز شکست دے دی، اس سے قبل مقررہ 20 اوورز میں دونوں ٹیمیں 109 رنز بنا سکی تھیں۔

ٹی 20 ورلڈکپ کا تیسرا میچ دلچسپ مقابلے کے بعد ٹائی ہو گیا، جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپراوور میں ہوا۔

سپر اوور

نمیبیا کی جانب سے سپر اوور میں بیٹنگ کرنے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزا اور کپتان گیرہرڈ ایراسمس آئے، عمان کی جانب سے بولنگ بلال خان نے کروائی۔

ویزا نے پہلی گیند پر چوکا اور پھر دوسری پر چھکا لگایا، اس کے بعد تیسری گیند پر 2 جبکہ چوتھی پر ایک رن لیا۔

ٹی 20 ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں امریکا کی اونچی اڑان، کینیڈا کو ہرادیا

پانچویں اور چھٹی گیند پر کپتان ایراسمس نے دو چوکے لگائے اور یوں 21 رنز بنے اور سپر اوور میں عمان کو جیت کے لیے 22 رنز کا ہدف ملا۔

عمان کی ٹیم ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی اور ایک اوور میں صرف 10 رنز ہی بنا سکی اور یوں نمیبیا نے میچ 11 رنز سے اپنے نام کرلیا۔

قبل ازیں برج ٹاؤن کے کینسنگٹن اوول میں کھیلے گئے میچ میں نمیبیا نے عمان کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے عمان کی ٹیم نے 109 رنز اسکور کیے اور نمیبیا کو 110 رنز کا ہدف دیا۔

عمان کی بیٹنگ

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے عمان کے بیٹرز نمیبیا کے بولرز کے سامنے لڑکھڑا گئے اور پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 109 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

اننگ کے پہلی گیند پر عمان کے اوپننگ بیٹر کیشپ پرجاپتی ٹرمپلمین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین روانہ ہوگئے تھے جبکہ ٹرمپلمین نے اپنی پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر عمان کے کپتان عاقب الیاس کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی۔

عمان کی جانب سے خالد کیل 39 گیندوں پر 34 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ذیشان مقصود 20 گیندوں پر 22 رنز اور ایان خان 21 گیندوں پر 15 رنز اسکور کر پائے۔

عمانی بلے باز کلیم اللہ نے 9 گیندوں پر 11 رنز اسکور کیے جبکہ کوئی اور بیٹر ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔

نمیبیا کی جانب سے پیسر روبین ٹرمپلمین نے بہترین بالنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ڈیوڈ ویزے نے 3 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی، برنارڈ اسکولٹز نے 1 جب کہ کپتان گرہارڈ ایراسمس نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

نمیبیا کی بیٹنگ

عمان کی جانب سے دیے گئے 110 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز اسکور کیے اور یوں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ برابر ہوگیا اور میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔

ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کے اوپنر مائیکل وان لنجین بغیر کوئی رن اسکور کیے آؤٹ ہو گئے، نکولاس ڈیون 24، جان فرائیلنک نے 45 رنز بنائے اور آؤٹ ہوگئے جبکہ کپتان گرہارڈ ایراسمس 13 رنز بنا سکے۔

بیٹر جے جے اسمٹ نے 8 جبکہ زین گرین 0 پر آؤٹ ہوئے جبکہ ٹیم کو جتوانے کے لیے ڈیوڈ ویزے 9 اور ملان کروگر ایک رن بنا کر وکٹ پر موجود رہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کے شروع ہوتے ہی شکایات سامنے آنے لگیں

عمان کی جانب سے پیسر بلال خان، ایان خان اور کپتان عاقب الیاس نے ایک، ایک جبکہ مہران خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

عمان اسکواڈ

کپتان عاقب الیاس، کیشیپ پراجاپتی، نسیم خوشی، ذیشان مقصود، خالد کیل، ایان خان، محمد ندیم، مہران خان، شکیل احمد، کلیم اللہ اور بلال خان عمان ٹیم کا حصہ ہیں۔

نمیبیا اسکواڈ

نمیبیا کی جانب سے ٹیم میں کپتان گرہارڈ ایراسمس، نکولاس ڈیون، مائیکل وان لنجین، جان فرائیلنک، ملان کروگر، جے جے اسمٹ، ڈیوڈ ویزے، زین گرین، روبین ٹرمپلمین، برنارڈ اسکولٹز اور ٹینجینی لونگامینی شامل ہیں۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے چوتھے میچ میں شام ساڑھے 7 بجے سری لنکا اور جنوبی افریقا کا میچ ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں امریکا نے کینیڈا اور دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاپوا نیو گنی کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

T20 World Cup

t20 cricket

ICC T20 World Cup

t20 world cup 2024

icc mens t20 world cup

namibia vs oman