Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک بھر میں گرمی کی شدت برقرار، کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہونے کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کردیا
اپ ڈیٹ 02 جون 2024 12:35pm

ملک کے بیشتر شہروں میں آج بھی ہیٹ ویو اور گرمی کی شدت برقرار رہے گی جبکہ کراچی میں آج سے سمندری ہوائیں مکمل بحال ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

کراچی میں ہیٹ ویو کا زور ٹوٹ گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آج سے گرمی کی شدت میں کمی متوقع ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ گرمی کی شدت 35 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، جنوب مغرب سے 19 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے، آئندہ 24 گھنٹے کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

ایئرکولیٹی انڈیکس کے مطابق کراچی شہر کا فضائی معیار بہتر ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 14 ویں نمبر پر آگیا، پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 5 ویں نمبر پر ہے، ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 86 پرٹیکیولیٹ میٹرز ہے۔

کراچی میں درجہ حرارت 41 ڈگری کو چُھو گیا

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے بتایا کہ شہر میں 4 جون سے پری مون سون کا آغاز ہوگا، گرمی کی شدت میں آئندہ ہفتے کمی کا امکان ہے، آئندہ ہفتے کراچی میں سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے، ہواؤں کی رفتار 30 سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے۔

جواد میمن کے مطابق رات کے وقت کچھ مقامات پر بوندا باندی متوقع ہے، جون میں درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری کے درمیان رہتا ہے، سمندری ہوائیں چلنے سے ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہوگا، نمی کا تناسب زائد ہونے کے باعث دن کے اوقات میں سمندر کے قریب علاقوں گرمی کی شدت 41 ڈگری تک محسوس کی جائے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی سبی میں پڑی جہاں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اس کے علاوہ جیکب آباد، لسبیلہ، اوکاڑہ اور پسنی میں 47 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ حیدرآباد اور فیصل آباد میں 45 ، گوادر اور بنوں میں 44، مٹھی میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، شمالی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہے گا

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہے گا، اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم بعد از دوپہر گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہے گا، کوہستان، سوات، مالاکنڈ اور بالاکوٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ملک کا بڑا حصہ آج بھی شدید گرمی جھیلے گا، بارش کہاں ہوگی؟

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہنے کے ساتھ گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، مری، گلیات اور گردونواح میں موسم خشک جبکہ دن کے اوقات میں گرم رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم شدید گرم رہے گا تاہم بارکھان، موسیٰ خیل اور کوہلو میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دیگر صوبوں کی طرح سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم شد ید گرم رہے گا، گلگت بلتستان میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش کا امکان ہے جبکہ کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

karachi

Hot Weather

Heatwave

rainy weather

KARACHI HOT WEATHER

HEATWAVES