کراچی : ڈکیتی مزاحمت پر گولڈ میڈلسٹ مکینیکل انجینئر قتل، دوسرے مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ڈکیتی کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے گولڈ میڈلسٹ مکینیکل انجینئر ارتقا جاں بحق ہوگیا۔ پاک کالونی پولیس مقابلے میں لیاری گینگ وارکا کمانڈر مارا گیا۔ نارتھ ناظم آباد میں پولیس مقابلے میں دو ڈاکو مارے گئے، جب کہ کورنگی میں ڈاکو شہری سے پانچ لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
گلشن اقبال بلاک سیون میں فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار ارتقا نامی شخص جاں بحق ہوگیا، پولیس نے واقعے کو ڈکیتی مزاحمت قرار دے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔
آج نیوز کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے پہلے نوجوان کو چلتی موٹر سائیکل سے روکا، اور لوٹ مار کے بعد گولی مار دی، ڈکیت فرار ہوتے ہوئے شہری کی موٹر سائیکل بھی لے گئے۔
واضح رہے کہ فائرنگ سے جاں بحق ارتقاگولڈ میڈلسٹ مکینیکل انجینئر تھا، اور اسلامی جمعیت طالبات کی سابق ناظمہ جامعہ کراچی کا بیٹا ہے۔ مقتول ارتقاکے بڑے بھائی جامعہ ہمدرد کے لیکچرر عباد معین ہیں، جبکہ ارتقا رجسٹرار جامعہ ہمدرد کلیم غیاث کا قریبی رشتہ دار بھی ہے۔
یاد رہے کہ ارتقا کی دو سال قبل شادی ہوئی تھی، ڈاکوؤں نے گلشن اقبال بلاک سیون میں ارتقا سے بائیک ، پیسے اور موبائل چھین کر گولی مار دی۔
2 ڈاکو ہلاک
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں پولیس مقابلے میں دوڈکیت مارے گئے، ہلاک ملزم شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے۔
دوران ڈکیتی پولیس موقع پر پہنچ گئی، ڈکیتوں کا پولیس کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، مقابلے میں شاہین فورس کی جوابی کارروائی سے ملزمان مارے گئے۔
2 زخمی ڈاکوؤں سمیت 4 ملزمان گرفتار
سچل پولیس کا جیوانی چوکی کے قریب ملزمان سے مقابلہ ہوا۔ فاٸرنگ کے تبادلے میں 2 زخمی ڈاکوؤں سمیت 4 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موباٸل فونز، رقم اور 2 موٹرساٸیکلیں برآمد ہوئیں۔
5 لاکھ کی ڈکیتی
کورنگی مہران ٹاؤن میں ڈاکو نجی کمپنی کے باہر شہری سے پانچ لاکھ روپے لوٹ کرفرار ہوگئے، واقعے کا مقدمہ کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے میں متاثرہ شہری کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔
واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں چارمسلح ملزمان کو شہری سے رقم چھین کر فرار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
لیاری گینگ وار کا کمانڈر ہلاک
پاک کالونی لیاری ایکسپریس وے پل کے قریب منشیات فروشی کےاڈے پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران مبینہ مقابلے میں لیاری گینگ وار کا کمانڈر بلال عرف أنڈے مارا گیا۔
ڈی آئی جی ساوتھ کے مطابق کمانڈر بلال قتل اقدام قتل کے 8 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا۔
Comments are closed on this story.