Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کی ’ریاست مخالف ٹوئٹ‘: ایف آئی اے نے پی ٹی آئی کے 3 سینئر رہنماؤں کو طلب کرلیا

ایف آئی اے نے تینوں کو نوٹس بانی پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ کے غیر قانونی استعمال پر کی جانے والی انکوائری پر جاری کیے
اپ ڈیٹ 01 جون 2024 06:32pm

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ’ایکس‘ اکاؤنٹ سے شیخ مجیب الرحمن سے متعلق ’ویڈیو اور ٹوئٹ‘ معاملے میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایف آئی اے نے مزید تین پی ٹی آئی رہنماؤں کو نوٹس جاری کردیے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ”ایکس“ اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو جاری اور ٹوئٹ کی گئی تھی، اس ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا گیا تھا کہ ’ہر پاکستانی کو حمود الرحمان کمیشن رپورٹ کا مطالعہ کرنا اور یہ جاننا چاہئیے کہ اصل غدار تھا کون جنرل یحیٰ خان یا شیخ مجیب الرحمان‘۔

اس ویڈیو اور ٹوئٹ کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے عمران خان کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا تھا اور اس ضمن میں عمران خان کو مؤقف لینے کی کوشش کی تھی لیکن بانی پی ٹی آئی نے ایف آئی اے ٹیم سے ملنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ صرف وکلا کی موجودگی میں اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔

اب اس معاملے میں مزید پیش رفت سامنے آئی ہے کہ ایف آئی اے نے تین پی ٹی آئی رہنما کو 5 جون کو 11 بجے انکوائری کے لیے طلب کیا ہے۔

متن ایف آئی اے کے مطابق عمر ایوب، بیرسٹر گوہر خان اور رؤف حسن کو شامل تفتیش کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ ایف آئی اے نے نوٹس بانی پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ کے غیر قانونی استعمال پر کی جانے والی انکوائری پر جاری کیے۔

متن کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف عوام کو اشتعال دلانے کی کوشش کی گئی، جس سے عوام میں خوف اور بے چینی پھیلنے کا خدشہ ہے۔

متن کے مطابق اِس اشتعال انگیزی سے عوام کو ریاست اَور اداروں کے خلاف قانون ہاتھ میں لینے پر بھی اکسایا جا سکتا ہے۔

imran khan

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Imran Khan Tweet