Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

جی ٹی ایس 19 فیصد ، تنخواہ داروں پر مزید ٹیکس، آئی ایم ایف نے بجٹ تجاویز پاکستان کو تھما دیں

سیلز ٹیکس پر زیرو ریٹنگ ختم کرنے کا بھی مطالبہ، پیٹرول ڈیزل مہنگا ہونے کا خدشہ
شائع 31 مئ 2024 08:27pm

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے معاہدے کے لیے تجاویز کا مسودہ پاکستانی حکام کے ساتھ شیئر کردیا گیا۔

پاکستان کی معاشی ٹیم نے آئی ایم ایف کی طرف سے قرض کے نئے پروگرام کے لیے عائد کردہ شرائط کے تناظر میں اگلے مالی سال کے وفاقی بجٹ کی تیاری کو حتمی شکل دینا شروع کردی۔

اگلے مالی سال کے بجٹ میں آئی ایم ایف کی جانب سے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 1290 ارب روپے مقرر کرنے کی تجویز ہے جبکہ ایف بی آر کی طرف سے ٹیکس وصولیوں کا ہدف 1250 ارب روپے مقرر کرنے پر اصرار کیا جارہا ہے۔

بجٹ 10 جون کو پیش کیا جائے گا، آئی ایم ایف قرض کے تناظر میں اہمیت بڑھ گئی

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معاشی ٹیم کی بجٹ سازی کے بارے میں آئی ایم ایف کے ساتھ جاری آن لائن رابطوں اور ورچوئل ملاقاتوں میں معاملات کو آگے بڑھایا جارہا ہے اور آئی ایم ایف کی طرف سے پاکستانی حکام کے ساتھ تجاویز کا مسودہ شیئر کیا گیا ہے، جس میں جی ایس ٹی کی معیاری شرح 18 فیصد سے بڑھا کر 19 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، اگر اس تجویز کو منظور کیا جاتا ہے تو اس سے ایف بی آر کو اگلے ایک سال میں 180 ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل ہوسکے گا۔

اس کے علاوہ بجٹ میں پرسنل انکم ٹیکس کے حوالے سے بھی آئی ایم ایف نے زیادہ آمدنی والے طبقے کے لیے ٹیکس کی شرح بڑھانے اور زیادہ سے زیادہ شرح کو 30 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد کرنے کی تجویز دی ہے جبکہ سرکاری ملازمین کے لیے ٹیکس سلیبز کی تعداد بھی سات سے کم کرکے چار کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

آئی ایم ایف نے تمام زیرو ریٹنگ سے متعلقہ سیلز ٹیکس ایکٹ سے پانچواں شیڈول ختم کرنے اورما سوائے برآمدات کے دیگرتمام اشیاء کو معیاری شرح جی ایس ٹی میں لانے کی تجویز دی ہے۔

اسی طرح چھٹے شیڈول میں بھی غیر ضروری ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ آٹھویں شیڈول کے تحت بھی ٹیکسوں کی رعایتی شرح کو صرف اور صرف غذائی اشیاء اور صحت و تعلیم سے متعلق ضروری اشیاء تک محدود کرنے کی تجویز دی گئی ہے اور ان اشیاء پر بھی اس شرح کو دس فیصد کے لگ بھگ رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

پاکستان کے ساتھ نئے قرضے پر مذاکرات میں اہم پیش رفت رہی، آئی ایم ایف

پاکستان کا اگلا بجٹ کیا ہوگا، آئی ایم ایف نے بتا دیا

وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ سازی اب حتمی مرحلے میں داخل ہورہی ہے چونکہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ نئے پروگرام کے لیے مذاکرات کررہا ہے اس لیے توقع ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں طے شدہ شرائط کو نافذ کرے گی تاکہ بجٹ کی منظوری کے بعد اسٹاف لیول ایگریمنٹ پر دستخط کرنے کا راستہ ہموار ہو سکے اور پاکستان کو آئی ایم ایف سے تین سالہ قرض کا نیا پروگرام مل سکے۔

پاکستان

اسلام آباد

IMF

budget

IMF PAKISTAN

IMF program

New IMF Program

Budget 2024 25