Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی: تاجر کے گھر ڈکیتی کیس میں اہم پیشرفت، ڈی ایس پی سمیت 18 ملزمان بری

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا
شائع 31 مئ 2024 05:38pm

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں تاجر کے گھر ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی کیس میں اہم موڑ آگیا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) عمیر طارق بجاری سمیت 18 ملزمان کو کیس سے بری کردیا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی کی عدالت میں تاجر کے گھر ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی کیس کی سماعت ہوئی۔

دوران سماعت عدالت نے کہا کہ پولیس افسران کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کے لیے مقدمہ درج کیا گیا۔

کراچی: پولیس یونیفارم میں ملبوس اہلکاروں کی کروڑوں کی ڈکیتی

عدالت نے ڈی ایس پی عمیر طارق بجاری سمیت 18 ملزمان کی بریت کی درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ مدعی مقدمہ پر دباؤ ڈال کر مقدمہ درج کرایا گیا تھا تاکہ پولیس افسران کو انتقام کا نشانہ بنایا جاسکے، مدعی کو مقدمے کے اندراج سے قبل اس کی اشیاء مل گئی تھیں، مدعی مقدمہ اور گواہوں نے بیان حلفی دیا کہ ان کے تحفظات دور ہوچکے ہیں۔

فیصلے کے مطابق واقعے کے 2 روز بعد ڈی آئی جی ویسٹ کے دباؤ پر مقدمہ درج کرایا تھا، مدعی نے کہا وہ عدالت میں موجود عمیر طارق بجاری سمیت کسی کو نہیں پہچانتا لہذا ملزمان کو اس کیس میں سزا نہیں ہوسکتی۔

تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ عدالت عمیر طارق بجاری اور دیگر 18 ملزمان کی بریت کی درخواست منظور کرتی ہے۔

کراچی: ڈکیتی میں ملوث ڈی ایس پی عمیر طارق کی ضمانت منظور

اورنگی ٹاون ڈکیتی: گرفتار ڈی ایس پی مزید 2 بڑی وارداتوں میں ملوث نکلا

بعدازاں عدالت نے ڈی ایس پی عمیر طارق بجاری سمیت 18ملزمان کو باعزت بری کردیا۔

karachi

Robbery

Orangi Town

EXTORTION CASE

businessman house robbery