پاکستان کا برطانوی ہائی کمشنر کو سفارتی آداب ملحوظ خاطر رکھنے پر زور
دفتر خارجہ نے سپریم کورٹ کی جانب سے برطانوی ہائی کمیشن کے تحریر کردہ خط پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ برطانوی سفارتکار پاکستان کےاندرونی معاملات پربات چیت میں احتیاط کا مظاہرہ کریں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ’بلے‘ کے انتخابی نشان سے متعلق عدالتی فیصلے پر برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی تنقید کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا اور کہا تھا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان تمام فیصلے ملکی آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر کرتی ہے، ضرورت اس امر کی ہے برطانیہ بھی غلطیوں کا ازالہ کرے، پی ٹی آئی کے بلے کے نشان سے متعلق فیصلے پر آپ کی تنقید بلاجواز ہے۔
ادھر ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران پوچھے گئے سوال پر ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے قدرے محتاط رویہ اپنا اور کہا کہ سفارت کارسفارتی آداب کو ملحوظ خاطررکھیں۔
علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ افغانستان سے بشام دہشت گرد حملے کے مجرمان کو گرفتارکر کےحوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم 4 سے 8 جون تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے اور ان کی چین کے صدرشی جن پنگ سےملاقات بھی متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چینی ہم منصب سےاہم ملاقات کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم چینی قیادت کی دعوت پردورہ کررہےہیں۔
علاوہ ازیں ترجمان نے کہا کہ آذربائیجان کےوزیرخارجہ کادورہ پاکستان بہت اہم تھا، دونوں ممالک میں دیرینہ تعلقات ہیں، پاکستان اورسینٹ لوشیانے29 مئی سے باضابطہ سفارتی تعلقات قائم کئے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ 3 برس میں مختلف ممالک کےساتھ سفارتی تعلقات مضبوط کئے ہیں۔
Comments are closed on this story.