Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

ریاستی اداروں کے خلاف جاری ڈیجیٹل دہشتگردی سے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے بیرونی سہولت کاروں کی مدد لی جارہی ہے، فارمیشن کمانڈرز کانفرنس

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرِ صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس، افغانستان سے دہشت گردی پر اظہارِ تشویش
اپ ڈیٹ 30 مئ 2024 06:56pm

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیرِصدارت 83 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔

اس موقع پر شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ ملک کی حفاظت، سلامتی اور خود مختاری کیلئے مسلح افواج کے افسران و جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں سمیت تمام شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خرا ج عقیدت پیش کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو جیو اسٹریٹجک حالات، قومی سلامتی کے لیے اُبھرتے ہوئے چیلنجز اور ملٹی ڈومین خطرات سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کی حکمت ہائے عملی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ شرکا کو پاک فوج کو جدید بنانے اور فیلڈ فارمیشنز کے لیے لاجسٹک سپورٹ کو بہتر بنانے کے لیے نئی تکنیکی تخلیقات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

فورم نے افغانستان کی سرحد پار سے مسلسل خلاف ورزیوں اور افغان سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے دہشت گردی کی منصوبہ بندی پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔ فورم نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دشمن پاکستان کے اندر سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کیلئے افغانستان کو استعمال کر رہے ہیں۔

فورم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نئے ضم شدہ اضلاع کے عوام کی بیش بہا قربانیوں کا اعتراف کیا اور دہشت گردی کو فیصلہ کن شکست دینے کیلئے نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

فورم نے بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ بیرونی طور پر پروپیگنڈا کرنے والوں کا مقابلہ کیا جاسکے۔ شرکا نے اس نکتے پر زور دیا کہ پروپیگنڈا کرنے والوں کی پشت پناہی غیر ملکی اسپانسرڈ پراکسیوں کے ذریعے کی جاتی ہے تاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو امن اور ترقی سے دور رکھا جاسکے۔

کانفرنس میں مشرقی سرحد کی صورتِ حال اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کے تازہ ترین واقعات کا جائزہ لیا۔ فورم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

فورم نے بھارت میں سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے بڑھتے ہوئے فاشزم پر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک پر تشویش کا اظہار کیا۔

فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی۔ فورم کی غزہ پٹی کے اندر رفح آپریشن اور دیگر تمام آپریشنز کو روکنے کیلئے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی حمایت کی۔

کانفرنس کے شرکا نے اس نکتے سے اتفاق کیا کہ ریاستی اداروں بالخصوص افواج پاکستان کے خلاف جاری ڈیجیٹل دہشت گردی مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے بیرونی سہولت کاروں کی مدد سے کی جارہی ہے۔ اس کا مقصد پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستانی قوم میں مایوسی پیدا کرنا اور قومی اداروں بالخصوص افواج پاکستان اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنا ہے۔

کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان ناپاک قوتوں کے مذموم عزائم کو مکمل اور یقینی شکست دی جائے گی کیونکہ پاکستانی قوم جھوٹ اور پروپیگنڈا کرنے والوں کے مذموم اور مکروہ عزائم سے پوری طرح باخبر ہے۔

فورم نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں لازم ہے کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، مجرموں، ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ قانون کی عمل داری کو قائم کرنے اور 9 مئی کے مجرمان کے خلاف فوری اور شفاف عدالتی اور قانونی کارروائی کے بغیر ملک ایسے سازشی عناصر کے ہاتھوں ہمیشہ یرغمال رہے گا۔

فورم میں پائیدار اقتصادی ترقی اور غیر قانونی سرگرمیوں بشمول اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری کو روکنے، وَن ڈاکومنٹ رجیم، غیر قانونی غیر ملکی تارکین کی باعزت وطن واپسی اور قومی ڈیٹا بیس کی حفاظت کیلئے مختلف شعبوں میں حکومت کے اقدامات کی مکمل حمایت کرنے کا بھی عزم سامنے ایا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مختلف مشقوں کے دوران فارمیشنز کی اعلیٰ و معیار ی تربیت اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں افسران اور جوانوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ آرمی چیف نے فارمیشنز کے بلند حوصلے اور ہمہ وقت آپریشنل تیاریوں کی بھی ستائش کی۔

کانفرنس کے شرکا نے حاضر سروس، ریٹائرڈ افسران اور جوانوں کی تربیت، انتظامیہ اور فلاح و بہبود کے لیے فوجی سطح پر کیے جانے والے اقدامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

فورم نے یوم تکبیر پر پاکستان کی طرف سے حاصل کیے گئے اہم سنگِ میل اور خطے پر اس کے مستحکم اثرات کو سراہا۔ کانفرنس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ ملک کی سلامتی اور استحکام کو درپیش تمام خطرات کو قابل فخر قوم کی مکمل حمایت سے ناکام بنادیا جائے گا۔

ISPR

Propaganda

General Asim Munir

FORMATION COMMANDERS CONFERENCE