Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

پولیس نے لاپتہ شاعر کی گرفتاری ظاہر کردی، مقدمہ درج، دھیر کوٹ منتقل

احمد فرہاد کی ضمانت کے لیے دھیرکوٹ عدالت میں درخواست دے دی گئی
شائع 29 مئ 2024 06:04pm

باغ کے لاپتہ شاعر احمد فرہاد کی گرفتاری پولیس نے ظاہر کردی۔

احمد فرہاد کے خلاف تھانہ دھیرکوٹ میں پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی اور کار سرکار میں مداخلت کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرکے تھانہ دھیرکوٹ منتقل کردیا گیا۔

احمد فرہاد کی ضمانت کے لیے دھیرکوٹ عدالت میں درخواست دے دی گئی، درج مقدمے کے مطابق احمد فرہاد راولپنڈی سے گاڑی پر اپنے آبائی گھر آرہے تھے کہ گجر کوہالہ پولیس چوکی پر گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران احمد فرہاد سے پولیس اہلکاروں نے پوچھ گچھ کی جس پر احمد فرہاد نے مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کی جس پران کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

احمد فرہاد کیس کی آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت بھی تھی اور اٹارنی جنرل نے دوران سماعت عدالت کو بتایا کہ احمد فرہاددھیر کوٹ تھانہ میں ہے اور اسکے خلاف وہاں مقدمہ درج ہے۔

احمد فرہاد کی بازیابی کے لیے 15 روز سے ملک بھر میں احتجاج جاری رہا تاہم ابھی تک احمد فرہاد کی رہائی نہیں ہوسکی۔

اس سے قبل اسلام آباد سے 14 مئی کو لاپتہ ہونے والے کشمیری شاعر احمد فرہاد سے متعلق اٹارنی جنرل منصور اعوان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا کہ احمد فرہاد کا پتا چل گیا اور وہ ڈسٹرکٹ باغ میں درج ایف آئی آر میں نامزد ہے۔ اب اس ایف آئی آر کی نقول وصول ہوئی ہے جس کے متن کے مطابق شاعر احمد فرہاد کے خلاف 29 مئی یعنی (آج) ہی مقدمہ درج کیا گیا۔*

آزاد کشمیر پولیس کی تحریر کردہ ایف آئی آر کے مطابق “آج 29 مئی صبح 7 بجے کوہالہ پل پر ایک کیری ڈبہ جا رہا تھا چیک پوسٹ پر موجود پولیس اہلکاروں نے گاڑی ڈرائیور سے شناخت طلب کی تو اس میں موجود ایک شخص جس کا نام بعد میں فرہاد علی شاہ معلوم ہوا، اس نے اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی اور تلخ کلامی کی۔

کشمیری لاپتا شاعر کیس میں غیرمعمولی اہم پیشرفت: ادارے تب ہوں گے جب ملک ہوگا، جسٹس محسن اختر

متن ایف آئی آر کے مطابق ’’بدتمیزی اور تلخ کلامی پر کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کیا جاتا ہے یہ بھی معلوم ہوا ہے وہ راولپنڈی سے کشمیر اپنے گاؤں جا رہے تھے“۔

واضح رہے کہ آباد ہائی کورٹ میں مغوی کشمیری شاعراحمد فرہاد کی بازیابی کے کیس میں دوران سماعت اٹارنی جنرل منصوراعوان نے عدالت کو بتایا تھا کہ لاپتا شاعر احمد فرہاد کا پتہ چل گیا، احمد فرہاد ڈسٹرکٹ باغ میں درج ایف آئی آرمیں نامزد ہیں اور اس وقت پولیس حراست میں ہیں۔

Islamabad High Court

poet farhad shah kidnapped

poet farhad shah