Aaj News

ہفتہ, جولائ 06, 2024  
29 Dhul-Hijjah 1445  

کراچی میں پارہ اوپر جائے گا، 3 روز کے دوران ہیٹ ویو کا خدشہ

پنجاب میں بھی جھلسا دینے والی گرمی سے شہری پریشان
اپ ڈیٹ 29 مئ 2024 06:02pm
فوٹو۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔ فائل

کراچی میں پارہ اوپر جائے گا آج سے تین روز کے دوران ہیٹ ویو کا خدشہ ہے۔ دوسری طرف پنجاب میں بھی جھلسا دینے والی گرمی سے شہری پریشان ہیں۔

ملک میں حالیہ دنوں سورج آگ برسا رہا ہے، درجہ حرارت بڑھنے سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کے مطابق شہر قائد کا درجہ حرارت آج 40 ڈگری یا اس سے زیادہ تک جاسکتا ہے اور اگلے دو روز میں کراچی کا درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

سردارسرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے اور مغرب سے 29 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سےہوائیں چل رہی ہیں۔

سندھ میں پڑنے والی گرمی پر بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ اس وقت اندرون سندھ شدید گرمی ہے، رواں سیزن کے دوران کچھ علاقوں میں درجہ حرارت 53 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ادھر ملک بھر میں سورج کا قہر جاری، ہیٹ ویو نے عوام کے ہوش اڑا دیے، موئن جو دڑو اور لاڑکانہ میں گرمی کا پارہ پچاس ڈگری پر پہنچ گیا۔

جیکب آباد میں بھی پچاس ڈگری کی گرمی ریکارڈ کی گئی، دادو میں انچاس سکھر میں پارہ اڑتالیس ڈگری پر پہنچ گیا۔

ساہیوال میں پارہ چھیالیس ڈگری، سرگودھا میں پینتالیس ڈگری تک جا پہنچا۔

فیصل آباد، ملتان اور لاہور میں پینتالیس ڈگری کی گرمی ریکارڈ کی گئی، رحیم یارخان میں بھی گرمی کا پارہ چھیالیس ڈگری ہوگیا۔

حیدرآباد میں بھی درجہ حرارت چھیالیس ڈگری ریا تاہم شدت انچاس ڈگری کی محسوس کی گئی۔ پشاور میں چالیس، اسلام آباد میں انتالیس ڈگری کی گرمی محسوس ہوئی، کراچی میں سینتیس ڈگری کی گرمی پڑی، محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت تینتالیس ڈگری تھا۔

محکمہ موسمیات نے شام یا رات میں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور سرگودھا میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی ہے ۔ بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر برسات کا امکان ہے۔

karachi

Met Office

Hot Weather

Heatwave