Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

یوم تکبیر آج منایا جا رہا ہے، وزیراعظم کا بھٹو اور نواز شریف کو خراج تحسیسن

پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کیلئے اعصاب شکن دباؤ کا سامنا کیا، شہباز شریف
اپ ڈیٹ 28 مئ 2024 01:14pm

28 مئی 1998 کو آج کے دن پاکستان کی طرف سے کیے گئے تاریخی ایٹمی تجربات کی یاد میں ملک بھر میں آج یوم تکبیر جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنے 26 سال مکمل ہوگئے اور اسی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل ہے اور شہر شہر سیمینار اور تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے، ایٹمی تجربات نے ثابت کیا کہ پاکستان خودمختاری پرسمجھوتہ نہیں کرے گا اور یوم تکبیر پیغام ہے کہ پاکستان کیخلاف جارحیت کا انجام عبرتناک ہوگا۔**

واضح رہے کہ 26سال قبل بلوچستان کےعلاقے چاغی میں ارتعاش پیدا ہوا اور چاغی کےایک سنگلاخ پہاڑ سے ریت دھواں بن کر اڑنے لگی، ارتعاش دراصل پاکستان کے ناقابل تسخیر ہونے کا اعلان تھا، پاکستان کےایٹمی دھماکوں سےخطےمیں طاقت کاتوازن برقرارہوگیا اور پاکستان کو دنیا کی ساتویں، پہلی اسلامی ایٹمی ریاست ہونےکااعزازحاصل ہوا اور پاکستان نے بھارت کا خطے میں بالادستی کا خواب چکناچورکردیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کاہ کہ یوم مئی فقط ایک دن منانے کا نام نہیں ہے،یہ دن ملک کو دفاعی صلاحیت کیلئے قوم کے عزم کی تجدید ہے، 1998 کے تاریخی دن نوازشریف نے نڈر لیڈشپ کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کیلئے اعصاب شکن دباؤ کا سامنا کیا، وزیراعظم نے ذوالفقارعلی بھٹو کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام کے بانی تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن تمام قومی قوتوں کی مشترکہ جدوجہد کا عکاس ہے۔

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کی یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد

قائم مقام صدر نے کہا کہ آج کے دن پاکستان کامیابی سے اپنی ایٹمی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوہری طاقتوں کی صف میں شامل ہو گیا، ہمیں ایک ایٹمی ریاست بننے کے سفر میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مسلح افواج،عسکری قیادت کی جانب سےیوم تکبیرپرقوم کومبارکباد

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سی جےسی ایس سی، سروسزچیفس نے 26ویں یوم تکبیرپرپیغام دیا کہ یوم تکبیرجوہری تجربات کی تاریخی کامیابی کی یاد دلاتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تجربات نےخطےمیں طاقت کاتوازن بحال کیا اور مسلح افواج کاشاندارکارنامےمیں قربانیاں دینےوالوں کوخراج تحسین پیش کرتی ہے۔

اسپیکر ایاز صادق کا یوم تکبیر پرخصوصی پیغام

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ یوم تکبیر پرقوم کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، یوم تکبیرملکی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے، 28مئی کوپاکستان نےاپنی دفاعی صلاحیت کالوہا منوایا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت کی بدولت پاکستان جوہری طاقت بنا۔ انہوں نے ایٹمی پروگرام کےبانی ذوالفقاربھٹو کوبھی خراج عقیدت پیش کیا۔

ایاز صادق نے کہا کہ یوم تکبیرہمارے قومی دفاع، خودمختاری اورغیرمتزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے، نوازشریف کی قیادت،بصیرت کی بدولت پاکستان جوہری طاقت بن کر ابھرا۔

انہوں نے کہا کہ ایٹمی پروگرام کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، ملکی دفاع کیلیےقوم متحد، ہر قربانی دینےکوتیار ہے۔

وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا پیغام

یوم تکبیر پرنائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ میں ایک یادگار دن ہے، نوازشریف نےعالمی برادری میں پاکستان کوجوہری طاقت بنانےکافیصلہ کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کایوم تکبیرکےموقع پرپیغام

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یوم تکبیرپراہل وطن کومبارکباد پیش کرتا ہوں، ذوالفقاربھٹونے پاکستان کوجوہری طاقت بنانے کی بنیاد رکھی، ذوالفقاربھٹو پاکستان کےجوہری پروگرام کےبانی ہیں۔

مریم نوازکایوم تکبیرکےتاریخ ساز دن پرپیغام

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے یوم تکبیرکےموقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوم تکبیرپاکستانی قوم ہی نہیں عالم اسلام کیلئےفخرکادن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایٹمی پروگرام پاکستان کے مضبوط دفاع کی علامت ہے۔

وزیرقانون اعظم نذیرتارڑکا یوم تکبیرکی 26ویں سالگرہ کے موقع پر پیغام

انہوں نے یوم تکبیرکے موقع پرتمام سیاسی وعسکری قیادت، سائنسدانوں اور انجینئرز کو سلام پیش کیا اور کہا کہ نوازشریف کی جرات مندانہ قیادت میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا۔

اعظم نزیر تارڑنے کہا کہ یوم تکبیر ہماری قوم کے غیر معمولی سفر کی علامت ہے۔

رینالہ خورد میں یوم تکبیر کے حوالے سےخصوصی تقریب

رینالہ خورد 28 مئی یوم تکبیر کے حوالے سے تقریب کا انقاد کیا گیاجس میں شہریوں نے بھرپور تعداد میں شرکت کی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر رینالہ کاکہنا تھا کے آج کے دن پاکستان عالم اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بنا اس تاریخی سفر میں اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے والے پاکستان اٹامک انرجی کمشن کے انجنیرز ورکرز ،سمیت محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراجِ تحسين پیش کرتے ہیں۔

ریلی کے شرکا نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے جبکہ تقریب کے اختتام پرملک اور قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی

مردان میں ریاست کے حق میں ریلی نکالی گئی

مرادن میں یوم تکبیر ریلی کالج چوک سے شروع ہوکر کچہری چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں تاجروں ، سیاسی سماجی جماعتوں کے کارکنوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

ریلی کے شرکا نے یوم تکبیر کے حوالے سے بینر بھی اٹھا رکھے تھے اور اللّٰہ اکبر کے نعرے لگا رہے تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکواٹر جنید خالد نے کہا کہ پاکستان آج کے دن پوری دنیا میں ایٹمی طاقت بنا جس نے پاکستان کے وقار اور سالمیت کا الم بلند کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن کسی بھی قسم کی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینے کی طاقت بھی رکھتا ہے۔

راولپنڈی میں ریلی

یوم تکبیر کے حوالے سے روالپنڈی میں ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ریلی کے شرکا نے پاکستان کے جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ شرکا ریلی نے پاکستان زِندہ باد پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

اوکاڑہ میں کیک کاٹا گیا

اوکاڑہ یوم تکبیر کی 26ویں سالگرہ کے موقع پر ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین مس صائمہ رشید ایڈووکیٹ کے دفتر میں کیک کاٹا گیا۔

تقریب میں عہدیداران اور خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،بعد ازاں وطن عزیز پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ یوم تکبیر کی تقریب میں پاک فوج کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے اقدام کوزبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ایمٹی دھماکے کیوں کیے گئے؟

ایٹمی دھماکے اس لیے کئے گئے کہ 11مئی 1998کو پوکھران میں 3بم دھماکے کرکے بھارت نے خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا تھا۔

بھارتی قیادت کی جانب سے ایٹمی دھماکے کے بعد پاکستان کو خطرناک دھمکیوں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا، ایک طرف بھارت دھمکیوں اور اسرائیل کی مدد سے پاکستان کی ایٹمی تجربہ گاہوں پرحملے کی تیاری کررہا تھا تو دوسری جانب مغربی ممالک پابندیوں کا ڈراوا دے کرپاکستان کو ایٹمی تجربے سے بازرکھنے کی کوششوں میں مصروف تھے۔

اس وقت کے امریکی صدربل کلنٹن نے بھی 5 بار فون کرکے اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف کو ایٹمی دھماکہ نہ کرنے کا مشورہ دیا جبکہ اس کے بدلے کروڑوں ڈالر امداد کی پیشکش بھی کی گئی تاہم عالمی دباؤ کے باوجود حکومت نے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 28 مئی 1998کے دن 5ایٹمی دھماکے کرنے کا حکم دے دیا اور چاغی کے پہاڑوں پر نعرہ تکبیر کی گونج میں ایٹمی تجربات کردیے گئے۔

پاکستان

Youm e Takbir