Aaj News

بدھ, جون 26, 2024  
20 Dhul-Hijjah 1445  

یوم تکبیر پر عام تعطیل، امتحانات کے حوالے سے بڑی خبر آگئی

21 سے 27 مئی تک شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے پہلے ہی پرچے ملتوی ہوچکے تھے
شائع 27 مئ 2024 09:03pm

وفاق کی جانب سے کل 28 مئی یوم تکبیر پرچھٹی کے اعلان کے بعد سندھ حکومت نے بھی عام تعطیل کا اعلان کردیا، سندھ حکومت کے تحت سرکاری دفاتر، جامعہ کراچی اور میٹرک بورڈ کے تحت ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیے گئے، امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

سندھ حکومت کی جانب سے کل عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا، صوبائی وزیر بورڈز جامعات محمد علی ملکانی کے مطابق کل عام تعطیل کے باعث کراچی میں میٹرک امتحانات نہیں ہوں گے، کل ملتوی ہونے والے پرچے کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں ہوگا۔

جامعہ کراچی نے بھی یوم تکبیر کے موقع پر 28 مئی کو ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیے۔

وزیراعظم نے کل ملک بھر میں سرکاری چھٹی کا اعلان کردیا

یونیورسٹی اعلامیے میں کہا گیا کہ ملتوی شدہ امتحانات کی تاریخ کا اعلان قائم مقام وائس چانسلر کی منظوری کے بعد میں کیا جائے گا۔

سندھ میں بورڈز امتحانات شیڈول کے مطابق جاری رکھنے کی اپیل

دوسری جانب آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز کے چئیرمین حیدر علی نے سندھ میں بورڈز امتحانات شیڈول کے مطابق جاری رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تعطیل کے باوجود امتحانات جاری رکھے جاسکتے ہیں، ری شیڈولڈ امتحان ملتوی کرنے سے انٹرمیڈیٹ اور پریکٹیکل امتحانات بھی متاثر ہوں گے۔

حیدرعلی نے کہا کہ وزیر یونیورسیٹیز اینڈ بورڈز سندھ امتحانات شیڈول کے مطابق کرانے کا اعلان کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ اور والدین تذبذب اور غیر یقینی کا شکار ہیں، امتحانات کی سنجیدگی اور اہمیت التوا کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

یاد رہے کہ 21 سے 27 مئی تک شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے پہلے ہی میٹرک کے پرچے ملتوی ہوچکے تھے۔

karachi

sindh

Exams

intermediate exams

metric exam

Youm e Takbir

Intermediate exams postponed

Official holiday