Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر احتجاج، شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کرگیا

کہیں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی، پاور ڈویژن کا دعویٰ
شائع 27 مئ 2024 04:54pm
علامتی تصویر
علامتی تصویر

ملک میں بجلی کا شارٹ فال چھ ہزار میگا واٹ سے تجاوز کرگیا ہے، دیہی علاقوں میں آٹھ گھنٹے اور شہری علاقوں میں چھ گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ جس کے باعث عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور جگہ جگہ احتجاج کیا جارہا ہے۔

نوشہرہ کے علاقے رشکئی میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا جس سے مین جی ٹی روڈ بند ہوگیا، مظاہرین نے بجلی کی مسلسل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

پنجاب میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک جانے کا امکان

ڈیرہ اسماعیل خان میں بجلی کی عدم فراہمی کے باعث شہریوں نے پیسکو آفس کے سامنے احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ شدید گرمی میں اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کس جرم کی سزا ہے؟

مظاہرین نے کہا کہ اگر مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔

کراچی کے علاقے صدر میں ایمپریس مارکیٹ کے قریب بھی لوگوں نے احتجاج کیا اور دونوں اطراف کی سڑک بند کردی۔

کراچی میں راتیں بھی گرم، 31 مئی کو درجہ حرارت خطرناک ہونے کی پیشگوئی

احتجاج میں دکانداروں اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، مظاہرین نے سڑک پر ٹائر اور لکڑی کی چیزیں نظرآتش کردیں اور کسی شخص کو سڑک سے گزرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

مظاہرین نے کے الیکٹرک مردہ باد کے نعرے لگائے۔

آئندہ 2 روز تک کن علاقوں میں شدید ترین گرمی اور لو چلنے کا امکان ہے؟

ایک طرف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے تودوسری جانب پاور ڈویژن نے دعویٰ کیا ہے کہ کہیں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی۔ چوری، لاسز اور کم ریکوری والے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ ہے۔

karachi

Loadshedding

Protest Against Load Shedding