Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مارگلہ ہلز پر لگی آگ پر قابو پا لیا گیا، فائر فائٹرز اور پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کی معاونت

وزیراعظم نے آگ پر بروقت قابو پانے پر تمام متعلقہ اداروں اور افسران کو شاباش دی
شائع 27 مئ 2024 11:20pm

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مارگلہ ہلز پر لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا، آپریشن میں 200 سے زائد فائر فائٹرز اور پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز نے بھی معاونت کی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے متعلقہ اداروں اور افسران کو شاباش دی گئی۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان نے بتایا کہ ہم نے مارگلہ ہلز پر لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے ہیلی کاپٹرز مہیا کرائے۔

ترجمان کے مطابق آگ 4 مختلف مقامات پر لگی ہوئی تھی، زمینی رابطہ نہ ہونے کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے بتایا کہ ایوی ایشن اسکوارڈن اور پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز نے آگ بجھانے ميں معاونت کی۔

ترجمان کے مطابق اندھیرا ہونے تک ہیلی آپریشن جاری رہا جس کی مدد سے آگ پر قابو پالیا گیا۔

واضح رہے کہ آج شام کے وقت مارگلہ کی پہاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔

ترجمان سی ڈی اے کے مطابق مارگلہ کے سید پور ولیج رینج میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ بھجانے کے آپریشن میں 200 سے زائد فائر فائٹرز نے حصہ لیا۔

بتایا گیا ہے کہ زمینی رابطہ نہ ہو نے کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، 6 ایوی ایشن اسکوارڈن اور پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز نے آگ بجھانے ميں معاونت کی۔

سی ڈی اے کے فائر فائٹرز کولننگ آپریشن میں مصروف ہیں، اس موقع پر ڈائریکٹر فار پروٹیکشن اور ڈی جی انوائرمنٹ خود بھی موقع پر موجود ہیں۔

وزیراعظم کی آگ پر بروقت قابو پانے پر تمام متعلقہ اداروں اور افسران کی پزیرائی

دوسری جانب وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے مارگلہ کی پہاڑیوں پر لگی آگ پر بروقت قابو پانے پر تمام متعلقہ اداروں اور افسران کی پزیرائی کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج، این ڈی ایم اے، اسلام آباد انتظامیہ اور کوآرڈی نیٹر موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے افسران و اہلکاروں کی آگ بجھانے کے لیے کوششیں قابل ستائش ہیں، پاک فوج کی جانب سے آگ بجھانے کے لیے ہیلی کاپٹرز کی فراہمی پر شکرگزار ہیں۔

مارگلہ ہلز پر آگ بجھانے کے آپریشن میں وزیرِ اعظم ہاؤس کے ہیلی کاپٹرز، سکیس ایوی ایشن نے بھی وزیرِ اعظم کی ہدایت پر حصہ لیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے ان کی کوششوں کی بھی پزیرائی کی اور کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، آگ سے جنگلات کو پہنچے نقصان کا تعین کرکے اسکی بھرپائی کے لیے اقدامات کیے جائیں، آگ میں زخمی ہونے والی جنگلی حیات کو ویٹرنری ڈاکٹرز ممکن طبی امداد فراہم کریں۔

وزیراعظم کی مارگلہ کی پہاڑیوں پر لگی آگ کو جلد بجھانے کی ہدایت

وزیرِاعظم شہباز شریف نے مارگلہ کی پہاڑیوں پر لگی آگ کو جلد بجھانے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت کردی۔

مارگلہ کی پہاڑیوں پر لگی آگ پر قابو پانے کے لیے ہیلی کاپٹرز کو آگ بجھانے کے آپریشن میں شامل کرلیا گیا۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ آگ پر جلد سے جلد قابو یقینی بنایا جائے، یہ امر بھی یقینی بنایا جائے کہ آگ سے کسی انسانی جان کو نقصان نہ پہنچے، جس قدر ہوسکے جنگلی حیات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔

پاکستان

اسلام آباد

margalla

islamabad fire

margalla forest fire