کراچی میں لیاری گینگ وار کے دو انتہائی مطلوب بھتہ خور رقم سمیت گرفتار
ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کی لیاری گینگ وار وسیع اللہ لاکھو گروپ کے خلاف ٹارگٹڈ کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، سٹی پولیس نے گزشتہ روز مقامی تاجر کی مدعیت میں بھتہ اور دہشتگردی کے تحت مقدمہ درج کیا اور پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو 24 گھنٹے سے پہلے ہی گرفتارکرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کو تھانہ نیپئر کی حدود سے گرفتار کیا گیا، ملزمان کی شناخت ابو بکر اور عبدالغفورکے ناموں سے ہوئی ہے، ملزمان سے بھتہ کی رقم بھی برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق ملزمان لیاری گینگ وار وسیع اللہ لاکھو گروپ کے نام پر تاجروں سے بھتہ وصولی کرتےتھے، اب تک مختلف تاجروں سے 5 کروڑ روپے سے زائد کا بھتہ وصول کرچکے ہیں، ملزمان بھتہ وصول کرنے کے بعدرقم بیرون ملک بھیج دیتے تھے۔
پولیس کے مطابق فاروق نامی ملزم جو کہ ملزمان کا ساتھی ہے، ملزمان کوایڈریس ودیگرمعلومات فراہم کرتا تھا، ملزمان غیرملکی سم کا استعمال کرکے تاجروں کو بھتہ کیلئے کال کرتےاوران کو ڈرایا دھمکایا کرتے تھے۔
ایس ایس پی سٹی کے مطابق ملزمان ٹمبر مارکیٹ/گارڈن واطراف کے تاجروں کو بھتہ کی کالز اور ڈرانے دھمکانے میں ملوث ہیں، ملزمان تاجروں کو بھتہ نہ دینے کی صورت میں قتل کرنے زخمی کرنے اور دکان پر فائرنگ کرنے میں بھی ملوث رہے ہیں۔
Comments are closed on this story.