Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

رکن اسمبلی فضل الہیٰ نے گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوکر بند فیڈرز چالو کردئے، پیسکو کے ساتھ مذاکرات کامیاب

اب اگر زیادہ لوڈشیڈنگ کی تو ہم پھر آئیں گے، فضل الہیٰ
اپ ڈیٹ 25 مئ 2024 01:17pm

خیبرپختونخوا میں حکومتی رکن فضل الہیٰ گرڈ اسٹیشن رحمان بابا کا کنٹرول سنبھالنے پہنچ گئے ہیں۔ فضل الہیٰ پی ٹی آئی کارکنان کے ہمراہ گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوگئے اور متعدد فیڈرز آن کرا دئے۔ پیسکو حکام نے لوڈ شیڈنگ کم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

ایم پی اے فضل الہیٰ کے ساتھ پی ٹی آئی کارکن بھی رحمان بابا گرڈ اسٹیشن پہنچے تو گرڈ اسٹیشن پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی اور ایم پی اے اور کارکنوں کو اندر داخل ہونے سے روک دیا گیا۔

عوام بجلی لوڈ شیڈنگ کے ذمہ داروں پر صبح، دوپہر، شام لعنت بھجیے، امین گنڈا پور

گزشتہ روز فضل الہیٰ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ صبح 9 بجے گرڈ اسٹیشن رحمان بابا کا بٹن میرے پاس ہوگا، لوڈ شیڈنگ کا شیڈول کل میں جاری کروں گا۔

فضل الہیٰ نے کہا کہ جس حلقے کی جتنی لوڈشیڈنگ بنتی ہے اس کے مطابق بجلی فراہم کریں گے، ہمارے وزیراعلیٰ نے اعلان کیا تھا کہ وہ صوبے کا حق چھینیں گے ہم ساتھ ہیں۔

پولیس کی جانب سے روکے جانے کے بعد فضل الہیٰ نے کہا کہ اندر داخل ہونے کی ضرورت نہیں، تمام فیڈرز کی بجلی شروع کردی گئی ہے، لیکن صرف فیڈرز کی بجلی شروع کرنے پر واپس نہیں جائیں گے۔

لیکن کچھ دیر بعد وہ گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوگئے۔

خیبرپختونخوا میں تنخواہوں، پنشن میں 10 فیصد اضافہ، کم از کم تنخواہ 36 ہزار، پراپرٹی اور ریسٹورنٹس پر ٹیکسوں میں کمی

انہوں نے کہا کہ جب تک تحریری طور پر یقین دہانی نہیں کرائی جاتی یہاں موجود رہیں گے، بجلی ہمارا حق ہے اور اپنا حق چھین کر لیں گے۔

مذاکرات کامیاب

گرڈ اسٹیشن میں داخل ہونے کے بعد فضل الہیٰ اور پیسکو حکام کے درمیان مذاکرات ہوئے جو کامیاب ہوگئے اور حکام نے بجلی لوڈشیڈنگ میں کمی کی یقین دہانی کرادی۔

کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین واپس روانہ ہوگئے۔

جاتے جاتے فضل الہیٰ نے بتایا کہ پیسکو حکام نے ہمارے مطالبات مان لئے ہیں اور یقین دہانی کرائی کہ لوڈشیڈنگ میں کمی ہوگی،اب اگر زیادہ لوڈشیڈنگ کی تو ہم پھر آئیں گے۔

پیسکو کا بیان

دوسری جانب پیسکو کا کہنا ہے کہ ایم پی اے فضل الہیٰ نے مظاہرین کے ہمراہ پیسکو رحمان بابا گرڈ اسٹیشن کا گھیراؤ کیا، گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوئے اور زبردستی فیڈرز چالو کرائے۔

پیسکو کے مطابق مظاہرین نے زبردستی نو فیڈرز چالو کرائے جو ہائی لاس فیڈرز میں شمار ہوتے ہیں، آن کرائے گئے فیڈرز میں ہزار خوانی، یکاتوت، اخون آباد، نیو چمکنی، سوڑیزئی بالا، شالوذان اور قلندرآباد شامل ہیں ۔

پیسکو کا کہنا ہے کہ مذکورہ فیڈرز پر بجلی چوری اور واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے لاسز 80 فیصد سے زائد ہیں، پیسکو کی جانب سے مذکورہ فیڈرز پر لاسز کم کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔

ڈیم اور گرد اسٹیشن کسی کی ذاتی ملکیت نہیں، امیر مقام

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما امیر مقام کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت عوامی مینڈیٹ کی توہین کررہی ہے، کبھی کہتے ہیں واپڈا ہاؤس پر قبضہ کریں گے، کبھی کہتے ہیں اسلام آباد پر چڑھائی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیم اور گرد اسٹیشن کسی کی ذاتی ملکیت نہیں، دھمکی آمیز ہتھکنڈوں سے عوام کو کب تک دھوکا دیں گے۔

امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ شیخ چلی کے مفروضوں کے مترادف ہے، سیاست کے لیے صوبے سے مذاق کیا جارہا ہے۔

pti mpa

fazal elahi

Rehman Baba Grid Station