Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

سائفر میں حکومت گرانے کا کہا گیا تو پھر ایسی معلومات کیوں نہیں دینی چاہیئے تھی؟ اسلام آباد ہائیکورٹ

امریکا کے ساتھ تعلقات خرابی کے شواہد کیا ہیں؟ چیف جسٹس عامر فاروق کا استفسار
شائع 21 مئ 2024 10:04pm

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ سائفر میں حکومت گرانے کا کہا گیا تو پھر ایسی معلومات کیوں نہیں دینی چاہیے تھی؟ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات خرابی کے شواہد کیا ہے؟ آپ نے شواہد میں ڈی مارش پیش نہیں کیا؟، ڈی مارش کوئی خفیہ دستاویز تو نہیں۔

سائفر کیس میں سزا کے خلاف بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی اپیلوں پر سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ چیرمین پی ٹی آئی نے سائفر کی معلومات کو جانتے بوجھتے عام کیا اور اس عمل سے قومی سلامتی کو نقصان پہنچایا۔

منگل کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سائفر کیس میں سزاؤں کے خلاف بانی پی ٹی آئی اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی اپیلوں پر سماعت کی، اس کے دوران ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر حامد علی شاہ پیش ہوئے۔

ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر حامد علی شاہ نے اپنے دلائل سمیٹتے ہوئے کہا کہ آج دلائل مکمل کرنے کی کوشش کروں گا اور آج ڈیجیٹل اور ڈاکومنٹری ثبوتوں پر مبنی دلائل دوں گا، اس کیس میں آڈیو اور ویڈیو شواہد ایکسپرٹس نے پیش کیے ہیں، انہوں نے ٹیپس پیش کرتے وقت کہا کہ ہم نے ریکارڈ کیا ہے، ایکسپرٹس کے بیانات کے بعد اُن پر جرح بھی کی گئی۔

جب تک مسنگ پرسنز کے کیسز آتے رہیں گے یہ کورٹس کام کرتی رہیں گی، جسٹس محسن کیانی

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ کیا عدالت نے فیصلے میں اِن شواہد پر انحصار کیا ہے؟ جس پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ٹرائل کورٹ نے ماہرین کی شہادت کا اپنے فیصلے میں ذکر کیا ہے، ٹرائل کورٹ نے اس پر فیصلہ نہیں دیا مگر اپنی ججمنٹ میں ذکر کیا ہے۔

پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ سائفر کو پبلک کیا گیا، اس پر میں چارج فریم پڑھوں گا، بانی پی ٹی آئی نے آفیشل سیکرٹ دستاویزات کو پبلک کیا، وزیر اعظم کی حیثیت سے آفیشل دستاویزات کو پبلک کیا گیا، وزیراعظم کی حیثیت سے بڑے عوامی اجتماع میں سائفر کو پبلک کیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا کمیونیکیشن آف انفارمیشن کوئی جرم ہے؟ جس کے جواب میں پراسیکیوٹر نے بتایا کہ دالت نے سوال کیا تھا کہ وہ دستاویز سائفر کیسے ہے، اس متعلق بتاؤں گا، دالت نے سوال اٹھایا تھا کہ سائفر کا متن کہاں ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان پر عائد کی گئی فردِ جرم سائفر سے متعلق تھی۔

حامد علی شاہ نے کہا کہ عمران خان کو بطور وزیراعظم سائفر فراہم کیا گیا اور اس بات کو وہ تسلیم کرچکے ہیں، انہوں نے سائفر کو پبلک کیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ کیا محض معلومات دینا بھی جرم بنتا ہے؟ جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ جی، وہ بھی جرم بنتا ہے، بانی پی ٹی آئی کے اس عمل سے قومی سلامتی کو نقصان پہنچا، ان کے دانستہ یا نادانستہ اقدام سے دیگر ممالک نے فائدہ اٹھایا، سائفر کی معلومات صرف 9 لوگوں سے شیئر کی جاتی ہے۔

حامد علی شاہ نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو 9 مارچ کو سائفر کاپی ملی اور انہوں نے 27 مارچ کو پبلک کر دی، بانی پی ٹی آئی نے سائفر کے متن میں ذاتی فائدے کے لیے ہیرا پھیری کی۔

جسٹس گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ آپ نے ایک سفیر کو ڈیمارش کیا ، اس وقت تعلقات خراب نہیں ہوئے؟، ڈیمارش کرنا کوئی چھوٹی بات نہیں ہے، ایک شخص کے کہنے پر کسی ملک سے سفارتی تعلقات کیسے خراب ہو گئے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آپ وہ دستاویزات بتائیں جو پراسیکیوشن نے ٹرائل کورٹ میں ڈیویلپ کیں، کس بیرونی طاقت سے ہمارے تعلقات خراب ہوئے؟ جس پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ امریکا کے ساتھ ہمارے تعلقات خراب ہوئے ہیں۔

عدالت کی اٹارنی جنرل کو لاپتہ شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کیلئے24 مئی تک کی مہلت

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات خرابی کے شواہد کیا ہے؟ آپ نے شواہد میں ڈی مارش پیش نہیں کیا؟، ڈی مارش کوئی خفیہ دستاویز تو نہیں۔

جسٹس میاں گل حسن نے ریمارکس دیئے کہ ایک ملک کو آپ نے خبردار کیا کوئی تھینک یو تو نہیں کہا ہوگا، سائفر میں کیا تھا کس معلومات سے ہیرا پھیری کی گئی؟ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سائفر میں کہا گیا اگر اسے نہ ہٹایا تو نتائج بھگتنے ہوں گے، یہی سائفر کا متن تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو نہ ہٹایا تو خطرناک نتائج ہوں گے؟ کیا آپ کہہ رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی نے جو کہا وہ درست تھا؟ کیا بانی پی ٹی آئی سچ بول رہے تھے؟۔

جس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر حامد علی شاہ نے جواب دیا کہ ’ بالکل یہی میسج تھا ’ بانی پی ٹی آئی خود تسلیم کر رہے ہیں۔

جسٹس گل حسن نے استفسار کیا کہ آپ اس کو چھوڑ دیں آپ خود بتائیں کہ کیا تھا جسے تبدیل کیا گیا جبکہ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ شاہ صاحب ایسے نہیں ہے آپ سول معاملے کی بات کر رہے ہیں یہ کرمنل کیس ہے، کرمنل کیس میں پراسیکیوشن نے اپنا کیس ثابت کرنا ہے، اگر ملزم خود تسلیم بھی کر لے تو پراسیکیوشن نے کیس ثابت کرنا ہے،ایڈمیشن کا یہ مطلب نہیں کہ پراسیکیوشن ڈسچارج ہو گئی،پوچھ پوچھ کر تھک گئے ہیں اس بند لفافے میں تھا کیا؟۔

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا پنجاب ہتک عزت بل 2024 کے خلاف عدالت جانے کا اعلان

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے مزید ریمارکس دیے کہ سائفر 100 صفحات کا بھی ہو سکتا ہے ایک پیراگراف کا بھی ، ہمیں نہیں پتہ، ٹرائل کورٹ کو نہیں پتہ، پراسیکیوشن کو نہیں پتہ، ایف آئی اے کا الزام ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے سائفر میں ہیرا پھیری کی، آپ کہہ رہے ہیں کہ اُس نے سائفر کا درست متن پبلک کر دیا تو پھر ہیرا پھیری کیا ہوئی؟۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ بلاواسطہ ہی صحیح، کس ملک کو اس کا فائدہ ہوا؟ اگر سارے کہہ دیں کہ رات ہو گئی تو رات تو نہیں ہو جائے گی نا؟ اگر سب کہہ رہے ہیں کہ تعلقات خراب ہو گئے تو اس طرح تو نہیں ہو جائیں گے، کسی نے جنگ کا اعلان کر دیا اقوام متحدہ میں لے گئے، کیا ہوا؟۔

اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بین الاقوامی میڈیا اداروں کو سائفر متن پڑھ کر سنائے تھے، بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو میں وہ خود بتا رہے ہیں کہ امریکا نے کیا کہا ہے۔

اسپیشل پراسیکیوٹر ایف آئی اے حامد علی شاہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا بیان عدالت کے سامنے پڑھ کر بھی سنایا۔

اسپیشل پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ عالمی میڈیا میں جو رپورٹ ہوا وہ بھی ریکارڈ پر موجود ہے جس پر جسٹس میاں گل حسن نے ریمارکس دیے کہ یہ تو ان کے مخالفین کے بیانات ہیں، رانا ثناء اللہ کا بھی بیان ہے، یہ سیاسی بیانات کی رپورٹنگ ہے۔

پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ غیر جانبدار میڈیا کی بھی رپورٹنگ ہے، وائس آف امریکا، ڈی ڈبلیو اور دیگر عالمی میڈیا نے بھی ذکر کیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ 8 سے9 تک آپ نے بھارتی اخبارات کا ذکر کیا ہے جس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ آپ اس کو نظر انداز کریں۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ سائفر حساس دستاویز ہونے کی وجہ سے پیش نہیں کیا گیا جس پر جسٹس میاں گل حسن نے ریمارکس دییے کہ غیر متعلقہ افراد کو باہر نکال کر دستاویز پیش کیا جاسکتا تھا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا سیکرٹ دستاویز عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکتا؟، کیا کسی ادارے کے سربراہ نے کہا یہ خفیہ دستاویز ہے پیش نہیں کی جائے گی؟ ایف آئی اے کے سامنے تو سائفر پیش نہیں کیا گیا ، عدالت میں پیش کیوں نہیں کیا گیا؟۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ عدالت نے مانگا ہی نہیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالت کیوں مانگتی پراسیکیوشن کو پیش کرنا چاہیئے تھا، اگر ہم کہیں کہ سائفر دیکھنا ہے تو کیا کریں گے؟ اس پر حامد علی شاہ نے کہا کہ ہم عدالت میں پیش کر دیں گے۔

جسٹس میاں گل حسن نے پراسیکیوٹر نے مکالمہ کیا کہ آپ خوفناک راستے پر چل رہے ہیں جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ وہ دستاویز صرف عدالت کو دکھانے کے لیے لا سکتے ہیں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ عدالت اس دستاویز سے متعلق فیصلے میں نہیں لکھ سکتی تو پھرکیا ضرورت ہے؟۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی نے سائفر کا جو متن بتایا وہ درست تھا، حکومت گرانے کا کہا گیا تو پھر ایسی معلومات کیوں نہیں دینی چاہیے تھی؟ جس پر پراسیکوٹر نے کہا کہ کیونکہ یہ دستاویزکانفیڈنشیل تھا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ آج یہیں ختم کرتے ہیں کل دوبارہ سنیں گے جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ میں بھی کل کوشش کروں گا کہ دلائل مکمل کرلوں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے مزید ریمارکس دیے کہ ہم تو سمجھ رہے تھے کہ آپ نے دلائل مکمل کرلئے جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ عدالتی سوالات کی وجہ سے آج مکمل نہیں ہوسکا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ قدغن تونہ لگائیں ناکہ سوال نہیں کرنا، سوال تو ان سے بھی بہت کیے ہیں، پھرامید کریں گے کل آپ بھی مکمل کریں اور جواب الجواب بھی مکمل ہوجائے، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بھی کل عدالت میں پیش ہوں، اسٹیٹ کونسلز بھی کل کی سماعت میں عدالت میں پیش ہوں۔

بعدازاں، عدالت نے اپیلوں پر مزید سماعت بدھ ( کل ) تک ملتوی کردی۔

Shah Mehmood Qureshi

imran khan

Justice Amir Farooq

Islamabad High Court

Cypher

Cypher Investigations

cypher case Imran Khan

Cypher case