Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن پر نامعلوم افراد کا حملہ

ملزمان بظاہر خواجہ سرا نظر آ رہے تھے ملزمان نے قتل کی نیت سے مجھ پر حملہ کیا، رؤف حسن
اپ ڈیٹ 21 مئ 2024 11:24pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا، جس سے وہ زخمی ہوگئے۔

نامعلوم افراد کی جانب سے پی ٹی آئی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن پر حملہ اسلام آباد میں نجی ٹی وی چینل کے دفتر کے باہر کیا گیا۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی پر نامعلوم افراد نے چاقو سے حملہ کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

رؤف حسن جی سیون میں نجی ٹی وی چینل کے دفتر سے جونہی باہر نکلے تو نامعلوم افراد نے ان پر حملہ کردیا جس سے وہ زخمی ہوگئے، ان چہرے پر زخم آیا اور خون بہنے لگا۔

واقعہ کے فوری بعد نجی ٹی وی چینل کے اسٹاف کے کچھ لوگ باہر آگئے اور رؤف حسن کو اندر لے گئے۔

رؤف حسن کا کہنا ہے کہ وہ پروگرام کے بعد گاڑی کی طرف جارہے تھے تو چار افراد نے حملہ کردیا، بلیڈ جیسے کسی تیز دھار آلے سے میرے منہ پر کٹ لگا ہے۔

انہوں نے ابتدائی بیان میں کہا تھا کہ وہاں لوگوں کے جمع ہونے سے حملہ آور فرار ہوگئے۔

ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن پر حملے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، حملہ آور خواجہ سراؤں کے روپ میں تھے۔

رؤف حسن نے ابتدائی بیان ریکارڈ کروا دیا

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن پر حملے کا معاملہ، رؤف حسن کی جانب سے ابتدائی بیان پولیس کو ریکارڈ کروا دیا گیا

بیان میں روف حسن نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کا سیکٹری اطلاعات ہونے کی وجہ سے مختلف ٹی وی چینلز میں جاتا ہوں، پروگرام کی ریکارڈنگ کے لیے جی سیون سیکٹر میں نجی نیوز کے دفتر گیا۔پروگرام کی ریکارڈنگ کے بعد جب نجی چینل سے نکلا تو چار ملزمان نے حملہ کیا۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ملزمان بظاہر خواجہ سرا نظر آ رہے تھے ملزمان نے قتل کی نیت سے مجھ پر حملہ کیا،مجھ پرتیز دھار آلے سے حملہ کیا گیا،میری کسی سے کوئی ذاتی رنجش نہیں، مجھ پر حملہ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے۔

رؤف حسن پر حملہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی، اسلام آباد پولیس

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما رؤف حسن پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین ک مطابق رؤف حسن کو خواجہ سراؤں نے نجی ٹی وی کے دفتر کے باہر بلیڈ مارا۔

ترجمان کے مطابق پولیس موقع پر موجود ہے، شواہد جمع کیے جارہے ہیں۔ جن خواجہ سراؤں نے یہ کام کیا ان کےخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

شبلی فراز نے رؤف حسن پر حملے کا معاملہ سینیٹ میں اٹھا دیا

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے رؤف حسن پر نامعلوم افراد کے حملے کا کا معاملہ ایوان بالا سینیٹ میں اٹھا دیا۔

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا کہ مجھے رؤف حسن پر حملے کی اطلاع ملی ہے، رؤف حسن پر حملہ کرکے انہیں زخمی کیا گیا ہے، یہ واقع سنجیدہ معاملہ ہے، بات یہاں تک آگئی ہے کہ سب سے بڑی جماعت کے ترجمان پر حملہ کیا گیا ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ حکومت 24 گھنٹے کے اندر واقعے کی تحقیقات کرکے کل ایوان میں رپورٹ پیش کرے۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ معاملے کو قانون کے مطابق دیکھا جائے گا، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جایے تاہم قانون کے مطابق کارروئی کریں گے۔

پریذائیڈنگ افسر شیری رحمان نے رؤف حسن پر حملے کی رپورٹ مانگ لی۔

جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرز نے پارٹی ترجمان پر نامعلوم افراد کے حملے کے خلاف ایوان بالا سے احتجاجاً واک آؤٹ کردیا۔

رؤف حسن پر حملہ کرنے والے کون تھے؟ آج نیوز نے پتہ لگا لیا

پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن پر حملہ کرنے والے کون تھے؟ آج نیوز نے پتہ لگا لیا۔

ذرائع کے مطابق حملہ کرنے والے 5 سے 6 خواجہ سرا تھے، خواجہ سراؤں کی جانب سے رؤف حسن کے چہرے پر بلیڈ سے حملہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں، پولیس نجی چینل کے باہر سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کر رہی ہے۔

چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر ردعمل

رؤف حسن پر حملے کے بعد بیرسٹر گوہر نے اسپتال آمد پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اسپتال کی ایمرجنسی میں آیا ہوں، رؤف حسن کو دائیں گال پر گہرا زخم آیا ہے ایسا لگ رہا ہے کہ ان کی زندگی لینے کے لئے اٹیک کیا تھا کیونکہ آدھے انچ سے ان کی شہ رگ بچ گئی ہے۔

چئیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اللہ نے ان کو دوسری زندگی دی ہے وہ اس ملک کی سب سے بڑی جماعت کے ترجمان ہیں ان کی کبھی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں رہی رؤف حسن نے کبھی زندگی میں ایسا کام نہیں کیا کہ اس پر کوئی اٹیک کیا جائے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ رؤف حسن پر حملہ کرنیوالوں کا پتہ لگایا جائے۔

عرفان صدیقی کی مزمت

رؤف حسن پر حملے کے بعد عرفان صدیقی نے کہا وزیر قانون نےانکوائری کی یقین دہانی کروائی ہے، منتخب وزیراعظم کو سسیلین مافیا اور گاڈ فادر کا نام دیاگیا ہے۔ رؤف حسن کےساتھ جوہوا اس کی مذمت کرتاہوں۔

pti

اسلام آباد

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Rauf Hassan

Information Secretary of PTI

rauf hassan attack