Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک میں شدید گرمی، مختلف شہروں میں 27 مئی تک ہیٹ ویو کا خدشہ

ماہرین کا گرمی میں زیادہ پانی پینے اور دھوپ میں نہ نکلنے کا مشورہ
اپ ڈیٹ 21 مئ 2024 12:24pm

ملک بھر میں آج بھی موسم شدید گرم ہے۔ مختلف شہروں میں آج سے 27 مئی تک ہیٹ ویو کا خدشہ ہے، پی ڈی ایم اے پنجاب نے ہیٹ ویو کا الرٹ دے دیا۔

پنجاب اور سندھ کے اکثر شہروں میں آج سے 23 مئی کے دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب میں 23 سے 27 مئی کے دوران درجہ حرارت میں 5 سے 6 ڈگری اضافے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں درجہ حرارت 12 بجے 40 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، آج شہر کا درجہ حرارت 44 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ شاہد عباس کے مطابق 24 اور 25 مئی کو درجہ حرارت 45 اور 46 ڈگری پر پہنچنے کا امکان ہے، شہر میں رواں ہفتے ویکنڈ گرم ترین ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر صوبائی محکمہ صحت نے ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کی۔

خدشہ ظاہر کیا گیا کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہوسکتی ہے۔

پنجاب میں شدید گرمی کی لہر کے باعث اسکولوں کی تعطیلات 25 مئی سے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز [ہیٹ ویو کے پیش نظر تمام سرکاری ونجی اسکولوں کو 25 سے 31 مئی تک بند][1] کرنے کا مراسلہ جاری کیا گیا۔ جب کہ موسم گرما کی عام تعطیلات یکم جون سے شروع ہوں گی۔

کراچی میں ہیٹ ویو کے خدشے کے پیشِ نظر ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت جاری [نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات ملتوی][2] کر دیے گئے، تاہم میٹرک کا 28 مئی کو ہونے والا پرچہ شیڈول کے مطابق ہوگا۔ جب کہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات بھی 22 مئی کے بجائے اب 27 مئی سے شروع ہوں گے۔

تاہم گزشتہ روز محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز نے بتایا کہ کراچی میں فی الحال ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ آئندہ چند روز تک شہر میں درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا نمی کا تناسب زائد ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جاسکتی ہے، شہر میں سمندری ہوائیں بھی بحال ہیں۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں درجہ حرارت بڑھنے سےگلیشیئر سے بنی جھیلیں پھٹنے کا خدشہ ہے اورفلیش فلڈز آنے کے امکانات بھی ہیں۔

دوسری جانب پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کچھ اضلاع میں بارش ہونے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ [1]: https://www.aaj.tv/news/30386933/ [2]: https://www.aaj.tv/news/30386912/

Met Office

Rain

Heat Wave